سابق وزیراعظم عمران خان پر حملے کے بعد پیدا ہونے والی سیکیورٹی کی صورتحال کے تناظر میں انگلینڈ کرکٹ بورڈ نے پاکستان میں سیکیورٹی اور حالات کا جائزہ لینا شروع کر دیا۔
انگلینڈ ٹیسٹ ٹیم کے دورۂ پاکستان سے قبل انگلینڈ کے لیے سیکیورٹی ایکسپرٹ ریگ ڈیکاسن صورتحال کا جائزہ لے رہے ہیں۔
انگلینڈ ٹیسٹ ٹیم کے کپتان بین اسٹوکس نے ایڈیلیڈ میں میڈیا سے گفتگو میں پاکستان کی صورتحال پر تبصرہ کیا۔
بین اسٹوکس نے تسلیم کیا ہے کہ واقعہ ہمارے لیے تشویش کا باعث بنا ہے، ظاہر ہے گزشتہ ہفتے جو ہوا وہ ہمارے لیے حیران کن تھا۔
کپتان بین اسٹوکس نے کہا کہ اس وقت ہمارے سیکیورٹی ایڈوائزر ریگ ڈیکاسن وہاں موجود ہیں، وہ انگلینڈ کے لیے کئی برسوں سے ایک مرکزی آدمی رہے ہیں۔
بین اسٹوکس کا کہنا تھا کہ میرے خیال میں وہ صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے بہترین شخص ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ریگ ڈیکاسن سے جب تک تمام معلومات نہیں مل جاتیں ہم کوئی تبصرہ نہیں کر سکتے، کھلاڑی اور جو لوگ بھی وہاں ٹور پر جا رہے ہیں سو فیصد ان پر اعتماد کر سکتے ہیں۔
انگلش ٹیسٹ کپتان نے کہا کہ ریگ ایسے شخص ہیں کہ آپ زندگی کے لیے ان پر اعتماد کر سکتے ہیں۔
کرکٹ ویب سائٹ کاکہنا ہے کہ اس موقع پر انگلینڈ کا دورۂ پاکستان براہ راست تھریٹ میں نہیں ہے۔
اس سے قبل انگلینڈ کرکٹ بورڈ کو گزشتہ برس اچانک دورۂ پاکستان ملتوی کرنے پر کڑی تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
کرکٹ ویب سائٹ کا مزید کنا ہے کہ ای سی بی کسی بھی فیصلے سے قبل صورتحال کو بہتر ہوتے ہوئے دیکھنے میں دلچسپی رکھتا ہے۔
واضح رہے کہ انگلینڈ نے ستمبر اکتوبر میں کراچی اور لاہور میں 7 ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کھیلی تھی۔
Comments are closed.