منگل12؍ربیع الثانی 1444ھ 8؍نومبر2022ء

عمران خان پر قاتلانہ حملہ، ملزم نوید باضابطہ گرفتار

وزیر آباد میں سابق وزیرِ اعظم، چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان پر قاتلانہ حملے کی تحقیقات جاری ہیں۔

پولیس کی جانب سے ملزم نوید کو مقدمے میں باضابطہ گرفتار کر لیا گیا ہے۔

پولیس کے مطابق ایس ایچ او تھانہ سوہدرہ امتیاز احمد کو مقدمے کا تفتیشی آفیسر مقرر کر دیا گیا ہے۔

پولیس کا یہ بھی کہنا ہے کہ ملزم کو آج ہی کچھ دیر بعد انسدادِ دہشت گردی کی عدالت میں پیش کیا جائے گا۔

سابق وزیرِ اعظم، چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان پر حملے کی تحقیقات کے لیے بننے والی جوائنٹ انویسٹی گیشن (جے آئی ٹی) کے لیے محکمۂ داخلہ پنجاب کو پولیس کی جانب سے 3 نام موصول ہو گئے ہیں۔

واضح رہے کہ 3 نومبر کو لانگ مارچ کے دوران وزیر آباد میں قاتلانہ حملے میں سابق وزیرِ اعظم عمران خان فائرنگ سے زخمی ہوگئے تھے۔

واقعے میں ایک شخص جاں بحق اور پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان و دیگر رہنماؤں سمیت 13 افراد زخمی ہوئے تھے۔

فائرنگ کرنے والے شخص نوید کو بعد میں کنٹینر کے قریب سے پکڑ لیا گیا تھا جس نے عمران خان پر فائرنگ کا اعتراف بھی کیا تھا۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.