وفاقی وزیر تعلیم رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ عمران خان پر حملے کے مقدمے کا اندراج وفاق نہیں پنجاب حکومت کا معاملہ ہے۔
شیخوپورہ میں میڈیا سے گفتگو میں رانا تنویر حسین نے کہا کہ وفاقی حکومت عمران خان پر حملے کی ایف آئی آر میں رکاوٹ نہیں۔
انہوں نے کہا کہ مقدمے کا اندراج عمران خان اور پنجاب حکومت کا معاملہ ہے، ملزم پکڑا گیا ہے، تفتیش کریں، اگر سازش ہوئی ہے تو اُس تک پہنچا جائے۔
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ صوبائی انتظامیہ نے امن و امان میں خلل ڈالا یا گورنر ہاؤس پر حملہ کیا تو گورنر راج لگاسکتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے لانگ مارچ کے دوران حملے کا ڈرامہ رچایا، پی ٹی آئی چیئرمین کو اقتدار سے آئینی طریقے سے نکالا گیا۔
رانا تنویر حسین نے یہ بھی کہا کہ عمران خان کی اقتدار سے نکالے جانے پر چیخ و پکار بے بنیاد ہے، اس کے مقابلے میں نواز شریف کو پاناما پر بلا کر اقامہ پر نکال دیا گیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ ن لیگی قائد کو نکالے جانے پر ہم نے یہ نہیں کہا کہ آگ لگادیں گے یا نظام کو جلادیں گے۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ لانگ مارچ کے دوران جاں بحق شخص عمران خان کے گارڈ کی گولی کانشانہ بنا۔
Comments are closed.