بدھ13؍ربیع الثانی 1444ھ 9؍نومبر 2022ء

عمران خان مقدمے میں 3 جھوٹے نام شامل کرانا چاہتے ہیں، شرجیل میمن

وزیراطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ عمران خان وزیرآباد فائرنگ واقعے کے مقدمے میں 3 جھوٹے نام شامل کرانا چاہتے ہیں۔

عمران خان کے لانگ مارچ دوبارہ شروع کرنے کے اعلان پر ردعمل دیتے ہوئے شرجیل میمن نے کہا کہ ہم پہلے ہی کہہ چکے عمران خان انتشار اور فتنے کا دوسرا نام ہے۔

انہوں نے استفسار کیا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب پرویز الہٰی اگر عمران خان کے دیے گئے ناموں پر متفق نہیں تو عوام کو کیوں بے وقوف بنایا جارہا ہے؟

وزیر اطلاعات سندھ نے مزید کہا کہ عمران خان وزیر اعلیٰ پنجاب کی رائے سے متعلق قوم کو ٹی وی پر آکر آگاہ کردیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے لانگ مارچ کا مقصد صرف گمراہ کن پروپیگنڈا کرنا اور اداروں سے ناجائز مطالبات منوانا ہے۔

شرجیل میمن نے یہ بھی کہا کہ حملہ ڈرامہ فلاپ ہونے کے بعد بھی بھٹکتی روح کو چین نہیں، ہم 4 گولیاں لگنے والے اعلان کو لطیفہ سمجھتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ خونی مارچ کرنے والا عمران خان مزید خونریزی چاہتا ہے، دو دن بعد ہونے والا مارچ بھی لانگ نہیں شارٹ ہوگا۔

وزیراطلاعات سندھ کا کہنا تھا کہ راولپنڈی، اسلام آباد کے امن و امان کو خراب کرنے کی ہر سازش ناکام بنائی جائے گی۔

انہوں نے سوال اٹھایا کہ حملے کے بعد عمران خان کو ابتدائی طبی امداد کے لیے 19 کلو میٹر فاصلے پر گجرات کیوں نہیں لے جایا گیا؟ کیا پاکستان میں حادثات کے زخمیوں کو کینسر اسپتال لے جایا جاتا ہے؟

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.