وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کچے کے علاقوں میں پولیس نفری بڑھانے اور سڑکیں بنانے کی ہدایت کردی۔
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت امن و امان سے متعلق اجلاس سکھر میں ہوا، اس موقع پر وزیراعلیٰ کو رونتی واقعے سے متعلق بریفنگ دی گئی۔
واضح رہے کہ ضلع گھوٹکی کی تحصیل اوباڑو کے کچے کے علاقے رونتی میں ڈاکوؤں کے پولیس پارٹی پر حملے میں ڈی ایس پی اور 2 ایس ایچ اوز سمیت 5 اہلکار شہید ہوگئے تھے۔
وزیراعلیٰ نے علاقے میں مزید پولیس چوکیاں قائم کرنے کے احکامات جاری کیے اور گھوٹکی، خیرپور اور لاڑکانہ کے کچے کے تھانوں میں نفری بڑھانے کی ہدایت کردی۔
وزیراعلیٰ نے شکارپور اور کشمور کے کچے کے تھانوں کی بھی نفری بڑھانے کی ہدایت کی۔
اجلاس میں آئی جی پولیس، ڈی آئی جی سکھر، ڈی آئی جی لاڑکانہ اور گھوٹکی، سکھر، خیرپور اضلاع کے ایس ایس پیز بھی شریک تھے۔
اجلاس میں شہید پولیس افسران اور اہلکاروں کے بلند درجارت کے لیے دعا کی گئی۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کچے کے علاقوں میں سڑکوں کی مرمت اور تعمیر نو کرنے کا فیصلہ بھی کیا۔
انہوں نے کہا کہ کچے میں مکمل امن چاہیے، جو بھی بجٹ درکار ہے وہ حکومت فراہم کرے گی۔
وزیراعلیٰ نے پولیس اہلکاروں اور افسران کو شہید کرنے والے ڈاکوؤں کی فوری گرفتاری کا بھی حکم دیا۔
Comments are closed.