چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان نے منگل 8 نومبر سے وزیرآباد سے لانگ مارچ دوبارہ شروع کرنے کا اعلان کردیا۔
ایک بیان میں عمران خان نے خود پر وزیرآباد میں ہونے والے قاتلانہ حملے کی صاف اور شفاف تحقیقات کروانے کا مطالبہ کیا۔
عمران خان نے قاتلانہ حملے کی تحقیقات کے لیے شہباز شریف کی جانب سے فل کورٹ جوڈیشل کمیشن بنانے کے اعلان کا مشروط خیر مقدم کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جن تین لوگوں پر قاتلانہ حملہ کروانے کا الزام ہے ،جب تک وہ استعفیٰ نہیں دیں گے، شفاف تحقیقات ممکن نہیں ہے۔
پی ٹی آئی چیئرمین نے مزید کہا کہ ہوسکتا ہے میرے لگائے گئے الزامات غلط ہوں، بہرحال ان الزامات کی تحقیقات ہمارا حق ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ میں ملک کا سابق وزیراعظم ہونے کے باوجود اپنے اوپر ہونے والے قاتلانہ حملے کی ایف آئی آر درج نہیں کروا پا رہا ہوں۔
عمران خان نے کہا کہ منگل سے شروع ہونے والا لانگ مارچ 10 تا 15 دن میں روالپنڈی پہنچے گا، وہاں سے میں مارچ کی قیادت کروں گا۔
انہوں نے ایک بار پھر سائفر کی تحقیقات سپریم کورٹ سے کروانے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ شاید یہ سازش نہ ہو لیکن تحقیقات کے بغیر کیسے پتہ چلے گا یہ سازش ہے تھی یا مداخلت تھی؟
Comments are closed.