اتوار10؍ربیع الثانی 1444ھ 6؍نومبر 2022ء

ٹی20 ورلڈکپ: بھارت نے زمبابوے کو باآسانی 71 رنز سے ہرادیا

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2022 کے سیمی فائنل مرحلے سے قبل آخری میچ میں بھارت نے زمبابوے کو 71 رنز سے شکست دے دی۔ 

میلبرن میں کھیلے گئے اس میچ میں بھارت نے زمبابوے کو جیت کے لیے 187 رنز کا ہدف دیا تھا جس کے تعاقب میں زمبابوین ٹیم 115 پر پویلین لوٹ گئی۔ 

بھارت نے زمبابوے کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ اوورز میں 5 وکٹ پر 186 رنز بنائے۔

بھارتی بیٹر سوریا کمار یادیو 61 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے، کےایل راہول 51، ویرات کوہلی 26، ہاردک پانڈیا 18 اور روہت شرما نے 15 رنز بنائے۔

ہدف کا تعاقب زمبابوین بلے بازوں کے لیے آسان نہ تھا، بھارتی بولرز کے سامنے زمبابوے کے بلے باز بے بس دکھائی دیے اور وقفے وقفے سے وکٹیں گنواتے رہے۔ 

ریان برل اور سکندر رضا نے بالترتیب 35 اور 34 رنز کے ساتھ مزاحمت کرنے کی کوشش کی لیکن یہ ٹیم کے لیے کارآمد ثابت نہ ہوسکی اور پوری زمبابوین ٹیم 18ویں اوور میں ڈھیر ہوگئی۔ 

بھارت کی جانب سے روی ایشوین 3 وکٹیں لے کر نمایاں رہے جبکہ ہاردیک پانڈیا اور محمد شامی کے حصے میں دو دو اور اکشر پٹیل، ارشدیپ سنگھ اور بھونیشور کمار کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔

اس فتح کے ساتھ بھارت نے گروپ 2 میں ٹاپ پوزیشن پر گروپ اسٹیج کا اختتام کیا جبکہ جنوبی افریقہ کی شکست کے بعد بھارت پہلے ہی سیمی فائنل میں اپنی جگہ پکی کرچکا تھا۔

واضح رہے کہ اس سے قبل آج کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے بنگلا دیش کو 5 وکٹ سے ہرا کر سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.