ہفتہ9؍ربیع الثانی 1444ھ 5؍نومبر 2022ء

عمران خان پر حملے کے مقدمے سے متعلق پولیس نے کیا کہا؟

چئیرمین تحریک انصاف عمران خان پر وزیرآباد میں قاتلانہ حملے کا مقدمہ تیسرے روز بھی درج نہیں ہوسکا۔

پولیس ذرائع کے مطابق واقعے میں جاں بحق معظم کی لاش کا پوسٹ مارٹم مقدمے کےاندراج کے بغیر کیا گیا، پوسٹ مارٹم سے قبل ایف آئی آر کا اندراج لازمی ہوتا ہے۔

ذرائع نے کہا کہ مقدمہ درج نہ ہونے کی وجہ سے ملزم حراست میں ہونے کے باوجود گرفتاری بھی نہیں ڈالی جا سکی، ملزم نوید کے ویڈیو بیان نے شناخت پریڈ کا عمل بھی متاثر کر دیا۔

پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزم کے پہلے دن کی ویڈیو تھانہ کنجاہ سے لیک ہوئی جبکہ دوسری سی ٹی ڈی سےلیک ہوئی، ملزم نوید کو جمعرات کی صبح سی ٹی ڈی کے حوالے کیا گیا تھا۔

وزیرِ دفاع خواجہ آصف نے وزیرِ آباد جلسے میں عمران خان پر قاتلانہ حملے کی تحقیقات کے لیے جے آئی ٹی بنانے کا مطالبہ کر دیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ مقدمہ سی ٹی ڈی نے درج کیا تو وہ ریاست کی مدعیت میں ہو گا، مقامی تھانے نے درج کیا تو عمران خان کے سیکیورٹی چیف کی مدعیت میں درج ہو گا۔

واضح رہے کہ 3 نومبر کو پی ٹی آئی لانگ مارچ کے دوران وزیر آباد میں عمران خان پر قاتلانہ حملہ کیا گیا تھا، جس میں پی ٹی آئی چیئرمین زخمی ہوئے تھے۔

واقعے میں ایک شخص جاں بحق اور پی ٹی آئی چیئرمین و دیگر رہنماؤں سمیت 13 افراد زخمی ہوئے تھے۔

فائرنگ کرنے والے شخص کو بعد میں کنٹینر کے قریب سے پکڑ لیا گیا تھا جس نے عمران خان پر فائرنگ کا اعتراف بھی کیا۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.