جمعہ8؍ربیع الثانی 1444ھ 4؍نومبر 2022ء

ٹیسٹ کرکٹر عابد علی کس سے لڑ رہے ہیں؟

ٹیسٹ کرکٹر عابد علی نے کہا ہے کہ لمبی اننگز کھیلنے کے لیے خود کو متحرک رکھتا ہوں اور ایسا کرنے کے لیے خود کے ساتھ لڑ رہا ہوں کیونکہ اس کے بغیر میں اپنے گول حاصل نہیں کر پاؤں گا۔

عابد علی نے ایل سی سی اے گراؤنڈ لاہور میں قائداعظم ٹرافی کے سینٹرل پنجاب کے خیبرپختونخوا کے خلاف میچ کے موقع پر جیو نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہو ئے کہا کہ دل کی تکلیف کے بعد مکمل فرسٹ کلاس کرکٹ کھیل رہا ہوں، میرا فٹنس لیول بہت بہتر ہوا ہے۔

عابد علی نے کہا کہ میری پرفارمنس بھی اچھی جارہی ہے، اس وقت میں ففٹی پلس رنز بھی کر رہا ہوں لیکن میں ہمیشہ لمبی اننگز کھیلنے کا خواہشمند رہا ہوں جیسی میں نے ماضی میں بھی کھیلیں۔

انہوں نے کہا کہ اسی بنیاد پر میں قومی ٹیم میں بھی آیا، اب بھی میں لمبی لمبی اننگز کھیلنا چاہتا ہوں اور ضرور کھیلوں گا۔

دائیں ہاتھ کے اوپننگ بیٹر نے کہا کہ مجھے کسی نے قومی ٹیم سے نکالا نہیں تھا، دل کی تکلیف کی وجہ سے دور ہوا، سب نے تعاون کیا مجھے امید ہے کہ ضرور کم بیک ہوگا۔

عابد علی نے کہا کہ سب کہہ رہے تھے کہ میری کرکٹ ختم ہوگئی ہے، میں نے ہمت نہیں ہاری، پی سی بی اور کوچز نے تعاون کیا اور دوبارہ کرکٹ شروع کی۔

قائد اعظم ٹرافی کے ساتویں راؤنڈ کے پہلے روز سندھ کی ٹیم سدرن پنجاب کے خلاف 210رنز بناکر آؤٹ ہوگئی، محمد عباس نے5 شکار کیے۔

عابد علی نے مزید کہا کہ میں یہ نہیں سوچتا کہ میں دل کے عارضے میں مبتلا ہوا، کھیلوں گا یا نہیں جو ہونا تھا ہوگیا، اب میں ذہنی طور پر مضبوط ہو رہا ہوں۔

عابد علی نے کہا کہ میری جگہ جو کھلاڑی کھیل رہے ہیں وہ بھی میرے بھائی ہیں اور ملک کی نمائندگی کر رہے ہیں، میری نیک خواہشات دوسرے اوپنرز کے ساتھ ہیں۔

ٹیسٹ کرکٹر نے کہا کہ میں اپنی محنت کر رہا ہوں، آسٹریلیا کے خلاف سیریز کو ضرور مس کیا، اب آئندہ منتخب کرنا سلیکٹرز کا کام ہے۔

عابد علی نے 16 ٹیسٹ اور 6 ون ڈے میچز میں پاکستان کی نمائندگی کی، انہوں نے آخری ٹیسٹ میچ گزشتہ برس دسمبر میں بنگلادیش کے خلاف میر پور ڈھاکا میں کھیلا تھا۔

عابد علی گزشتہ ڈومیسٹک کرکٹ سیزن کے دوران دل کے عارضے میں مبتلا ہوئے تھے، جس کے بعد وہ کچھ عرصہ کرکٹ سے دور بھی رہے اور وہ رواں سیزن میں اب تک مکمل ڈومیسٹک کرکٹ سیزن کھیل رہے ہیں۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.