جمعرات7؍ربیع الثانی 1444ھ 3؍نومبر 2022ء

عمران خان پر حملہ کرنے والے شخص کے بیان کی ویڈیو لیک پر وزیر اعلیٰ کا ایکشن

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان پر حملہ کرنے والے شخص کے بیان کی ویڈیو لیک کرنے کے واقعے کا وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی نے سخت ایکشن لے لیا۔

وزیراعلیٰ چوہدری پرویز الہٰی نے بیان لیک کرنے پر متعلقہ تھانے کے ایس ایچ او سمیت سارے عملے کو معطل کر دیا۔

پی ٹی آئی رہنما شہباز گل کا کہنا ہے کہ جو ویڈیو میں اقبالی بیان دکھایا جارہا ہے اور فائرنگ والا بندہ، ان کے کپڑوں میں فرق ہے۔

چوہدری پرویز الہٰی نے انسپکٹر جنرل پولیس کو غیر ذمہ دار اہلکاروں کے خلاف سخت تادیبی کارروائی کی ہدایت کردی۔

وزیراعلیٰ کا کہنا ہے کہ تھانے کے تمام عملے کے موبائل قبضے میں لے لیے گئے ، موبائل فونز کا فرانزک آڈٹ کروایا جائے گا۔

چوہدری پرویز الہٰی نے ملزم کے  بیان لیک ہونے کے واقعہ کی انکوائری کا حکم دیا اور آئی جی پنجاب کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ تحقیقات کرکے محرکات سامنے لائے جائیں۔

اعجاز چوہدری نے کہا کہ عمران خان پر قاتلانہ حملہ ہوگیا، جس میں ایک کارکن شہید ہوگیا اور ہمارے چار لیڈر زخمی ہیں۔

دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب نے ہنگامی اجلاس بھی بلا لیا، جس میں فائرنگ کے واقعہ کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں انسپکٹر جنرل پولیس، اسپیکر پنجاب اسمبلی سبطین خان، شفقت محمود، ایم پی اے حافظ عمار یاسر، اختر ملک، میاں محمودالرشید شریک ہوئے۔

وزیراعلیٰ کے  پرنسپل سیکرٹری محمد خان بھٹی، کمشنر لاہور ڈویژن، سی سی پی او لاہور اور متعلقہ حکام بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.