ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2022 کے گروپ ٹو کے میچ میں بارش سے متاثرہ میچ میں پاکستان نے جنوبی افریقہ کو شکست دے دی۔
سڈنی میں کھیلے جارہے اس میچ میں پاکستان نے جنوبی افریقہ کو جیت کے لیے 186 رنز کا ہدف دیا تھا۔
ہدف کے تعاقب میں مصروف جنوبی افریقہ کی ٹیم نے 9 اوورز میں 4 وکٹ پر 69 رنز بنالیے تھے، جس کے بعد میچ بارش کے باعث روک دیا گیا۔
بارش رکنے کے بعد جب میچ کو دوبارہ شروع کیا گیا تو جنوبی افریقہ کی اننگز کو 14 اوورز تک محدود کردیا گیا، یوں اسے آخری 5 اوورز میں جیت کے لیے 74 رنز درکار تھے۔
میچ دوبارہ شروع ہونے کے بعد پاکستانی بولرز نے نپی تلی گیند بازی کرتے ہوئے جنوبی افریقہ بلے بازوں کو مطلوبہ ہدف حاصل کرنے سے روک دیا۔
جنوبی افریقی ٹیم مقررہ 14 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 108 رنز ہی بناسکی۔
پروٹیز کی جانب سے کپتان ٹیمبا باووما کے 36، ایڈن مارکرم کے 20 اور ٹرسٹن اسٹبس کے 18 رنز کے علاوہ کوئی کھلاڑی قابل ذکر کارکردگی نہیں دکھا سکا۔
بارش سے قبل پاکستانی بولرز نے جنوبی افریقہ کی ہدف کے تعاقب کی کوشش کو آغاز میں ہی مشکل بنا دیا تھا۔
شاہین شاہ آفریدی نے پہلے ہی اوور میں کوئنٹن ڈی کاک کی وکٹ حاصل کی، جبکہ دوسری وکٹ بھی شاہین شاہ آفریدی نے حاصل کی۔
اننگز کے تیسرے اوور میں 16 کے مجموعی اسکور پر رائیلی روسو 7 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوئے۔
جنوبی افریقہ کی تیسری اور چوتھی وکٹ شاداب خان نے لی، انہوں نے ٹمبا باووما اور ایڈن مارکرم کو آؤٹ کیا تھا۔
بارش کے بعد جب میچ کا آغاز ہوا تو اس کے بعد شاہین آفریدی نے ہینرک کلاسین کو آؤٹ کیا جبکہ محمد وسیم نے وین پارنیل اور نسیم شاہ نے اسٹبس کو آؤٹ کیا۔
آخری اوور میں ایک کگیسو رباڈا رن آؤٹ ہوئے جبکہ اینرک نورکیا کو حارث رؤف نے کیچ آؤٹ کروایا۔
اس سے قبل پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، ٹاپ آرڈر کی ناکامی کے بعد مڈل آرڈر میں شاداب خان اور افتخار احمد کی جارحانہ بیٹنگ کے باعث پاکستان ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں پر 185 رنز بنائے۔
اوپنر بابر اعظم اور محمد رضوان کی پارٹنرشپ کریز پر 4 بولز ہی قائم رہ سکی، جنوبی افریقی بیٹر نے 4 رنز پر محمد رضوان کو بولڈ کردیا۔
ورلڈ کپ میں پہلا میچ کھیلنے والے محمد حارث نے تیسرے نمبر پر آکر جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 11 گیندوں پر 28 رنز بنائے۔ انہوں نے 3 چھکے اور 2 چوکے لگائے۔
انہیں پانچویں اوور میں 38 کے مجموعی اسکور پر اینرک نورکیا نے ایل بی ڈبلیو آؤٹ کیا۔
پاکستان کی تیسری وکٹ کگیسو ربادا نے حاصل کی، جب کپتان بابر اعظم ایک مرتبہ پھر بیٹنگ میں ناکام ہوگئے اور 15 گیندوں پر 6 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوگئے۔
جنوبی افریقی بولر نورکیا نے پاکستان کی چوتھی وکٹ 43 رنز پر حاصل کی جب شان مسعود 2 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوئے۔
محمد نواز اور افتخار احمد کی پارٹنرشپ کو 13 ویں اوور میں 95 کے اسکور پر توڑ کر تبریز شمسی نے جنوبی افریقہ کے لیے پانچویں کامیابی حاصل کی۔
اسپن بولر تبریز شمسی نے محمد نواز کو 28 رنز پر ایل بی ڈبیلو کیا۔
محمد نواز کے آؤٹ ہونے کے بعد افتخار احمد اور شاداب خان کے درمیان بھی اچھی پارٹنرشپ قائم ہوئی۔ اس دوران شاداب خان نے جارحانہ انداز بھی اپنایا۔
شاداب خان 22 گیندوں پر 52 رنز جبکہ افتخار احمد 35 گیندوں پر 51 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ ٹیل اینڈرز میں حارث رؤف 3 اور محمد وسیم صفر پر آؤٹ ہوئے۔
بہترین بیٹنگ اور بولنگ پرفارمنس پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
پاکستان نے میچ کے لیے ٹیم میں ایک تبدیلی کرتے ہوئے فخر زمان کی جگہ محمد حارث کو پلیئنگ الیون میں شامل کیا۔
پاکستان ٹیم میں بابر اعظم، شاداب خان، محمد رضوان، شان مسعود، افتخار احمد، محمد حارث، محمد نواز، محمد وسیم جونیئر، شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ اور حارث رؤف شامل تھے۔
سڈنی میں ٹاس جیتنے کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کپتان بابر اعظم نے کہا تھا کہ پچ بیٹنگ کے لیے اچھی لگ رہی ہے۔
بابر اعظم نے کہا کہ ٹیم میں ایک تبدیلی کرتے ہوئے حارث کو موقع دیا گیا ہے۔
اس موقع پر جنوبی افریقہ کے کپتان ٹمبا باووما نے کہا کہ پاکستان کو کم اسکور تک محدود کرنےکی کوشش کریں گے۔
ٹمبا باووما نے بتایا تھا کہ ٹیم میں 2 تبدیلیاں کی گئی ہیں، ٹاس جیت کر ہم بھی پہلے بیٹنگ کو ترجیح دیتے۔
میچ شروع ہونے سے قبل سڈنی میں گفتگو کرتے ہوئے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی نے کہا تھا کہ انجری کے بعد اچھا محسوس کر رہا ہوں۔
شاہین شاہ آفریدی نے کہا تھا کہ اس میچ پر فوکس ہے، پُرامید ہیں کہ اچھی کرکٹ کھیلیں اور میچ جیتیں۔
انہوں نے کہا تھا کہ جنوبی افریقی بولر اینرک نورکیا تیز رفتاری سے بولنگ کرتے ہیں۔
ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں جنوبی افریقہ کی ٹیم اب تک ناقابل شکست ہے جبکہ پاکستان ٹیم گروپ ٹو میں اس وقت پانچویں نمبر پر موجود ہے۔
Comments are closed.