جمعرات7؍ربیع الثانی 1444ھ 3؍نومبر 2022ء

ڈونلڈ ٹرمپ کی ٹوئٹر پر واپسی کب تک ممکن ہے؟

معروف امریکی کمپنی ٹیسلا اور اسپیس ایکس کے بانی ایلون مسک نے ممنوعہ ٹوئٹر اکاؤنٹس کی بحالی کے حوالے سے اپنی حکمتِ عملی بتادی ہے۔

ایلون مسک نے مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک صارف کے سوال کا جواب دیتے ہوئے ممنوعہ ٹوئٹر اکاؤنٹس کی بحالی کے حوالے سے اپنے ارادے سے صارفین کو آگاہ کردیا ہے۔

انہوں نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ’کسی بھی ایسے ٹوئٹر اکاؤنٹ کو بغیر کسی واضح طریقے کار کے واپسی کی اجازت نہیں دی جائے گی جسے سماجی رابطے کی ویب سائٹ کے قوانین کی خلاف ورزی کرنے پر بند کیا گیا ہو‘۔

اُنہوں نے مزید لکھا کہ’اور اس حوالے سے واضح طریقے کار کو متعارف کروانے میں کم از کم چند ہفتے مزید لگیں گے‘۔

یاد رہےکہ ایلون مسک کے ٹوئٹر کا کنٹرول سنبھالنے کے بعد سے سب سے مشہور ممنوعہ ٹوئٹرصارف سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ٹوئٹر پر واپسی سوشل میڈیا پر زیرِ بحث ہے۔

ایلون مسک کے حالیہ ٹوئٹ سے یہ بات تو سامنے آگئی ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ کی ٹوئٹر پر واپسی 8 نومبر تک تو ممکن نہیں ہے۔

واضح رہے کہ ٹوئٹر کے اعلیٰ عہدیداروں کے مستعفی ہونے کا سلسلہ جاری ہے، اب تک کمپنی کے ایڈورٹائزنگ اور مارکیٹنگ کے سربراہوں سمیت کئی حکّام نے گزشتہ چند دنوں میں کمپنی چھوڑ دی ہے۔ 

رپورٹ کے مطابق، ٹوئٹر کے متعدد ملازمین نے میڈیا کو بتایا ہے کہ اُنہیں کمپنی کے مستقبل کے بارے میں بہت کم معلومات دی جارہی ہیں۔

رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ ایلون مسک کی ٹیم اس ہفتے نیو یارک میں مشتہرین سے ایک ملاقات کرنے والی ہے کیونکہ ٹوئٹر پر نفرت انگیز مواد میں اضافے کے بعد مشتہرین نے اپنے اشتہارات کے ساتھ کسی بھی طرح کے نقصان دہ مواد ظاہر ہونے پر تحفظات کا اظہار کیا ہے۔

 

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.