کراچی کے علاقے منگھو پیر میں فائرنگ سے ہلاک و زخمی ملزمان ڈاکو نکلے، جنہیں ریٹائرڈ فوجی افسر نے گولی کا نشانہ بنایا۔
ایس ایس پی ویسٹ فیصل بشیر میمن کے مطابق فائرنگ منگل کی رات حب ڈیم روڈ پر واقع علی ٹاؤن کے قریب ہوئی تھی، ہلاک ملزم عامر خٹک اور فرید نے تیسرے ساتھی کے ہمراہ کئی شہریوں سے لوٹ مار کی۔
انہوں نے بتایا کہ آخری واردات میں لٹنے والے ریٹائرڈ میجر ظفر سعید نے لائسنس یافتہ نائن ایم ایم پستول سے ڈاکوؤں کو 11 گولیاں ماریں۔
ایس ایس پی ویسٹ نے بتایا ہےکہ 2 ملزمان گولیاں لگنے سے سڑک پر گر گئے، جبکہ ان کا تیسرا ساتھی موٹر سائیکل لے کر فرار ہو گیا۔
ان کا کہنا ہے کہ ملزمان کے قبضے سے 6 موبائل فون، لوٹ مار کا سامان اور اسلحہ برآمد ہوا، برآمد پرس اور گولیوں کے فرانزک کی مدد سے ریٹائرڈ فوجی افسر کا کردار سامنے آیا۔
ایس ایس پی ویسٹ فیصل بشیر میمن نے یہ بھی بتایا کہ واردات کا نشانہ بننے والے دیگر 3 شہریوں نے بھی لاشوں کو شناخت کر لیا ہے، ہلاک و زخمی ملزمان کے تیسرے ساتھی کی تلاش جاری ہے۔
Comments are closed.