جمعرات7؍ربیع الثانی 1444ھ 3؍نومبر 2022ء

دورۂ چین ناکام ہی ہونا تھا، حکمرانوں کے منہ لٹک گئے: فواد چوہدری

پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ دورۂ چین تو ناکام ہی ہونا تھا، یہ سب سیر کے لیے گئے تھے، چین سے واپس آئے ہیں تو ان کے منہ لٹکے ہوئے ہیں۔

گوجرانوالہ کے علاقے کوٹ خضری میں پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ کوئی حکومت ایسے وزیرِ اعظم سے کیوں بات کرے گی جس کی مدت کا پتہ نہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ عمران خان پر اس وقت تک 23 مقدمات بنائے گئے ہیں، یہ ایک ریکارڈ ہے، جو لوگ پاکستان کے خلاف ہیں وہی عمران خان کے خلاف ہیں۔

وزیرِ اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی اور حکومتِ پنجاب کی ترجمان مسرت جمشید چیمہ کا کہنا ہے کہ کرپشن میں لتھڑے افراد نے پاکستان پر حکومت قائم کر رکھی ہے۔

فواد چوہدری نے کہا کہ رانا ثناء اللّٰہ کے مچھ جیل میں رکھنے کے بیان پر حیران ہوں، رانا ثناء اللّٰہ وزیرِ داخلہ نہیں گھنٹہ گھر کے بدمعاش لگتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کچھ لوگوں کو عہدہ دینے کے لیے کرسیاں نیچے آ جاتی ہیں، یہ خود اوپر نہیں گئے، اس حکومت کی میعاد دس پندرہ دن سے زیادہ نہیں ہے۔

پی ٹی آئی رہنما نے مزید کہا کہ حکومت نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں مضحکہ خیز شرائط نامہ پیش کیا ہے۔

فواد چوہدری کا یہ یھف کہنا ہے کہ انہوں نے شرط لگائی ہے کہ اسٹیج پر 12 لوگ ہوں گے، وہ بھی انتظامیہ طے کرے گی، یہ ن لیگ کا اجتماع نہیں کہ 4 لوگ ہوں، یہاں لاکھوں لوگ ہوں گے۔

اس موقع پر پی ٹی آئی رہنما مسرت چیمہ نے کہاکہ حکمراں جتنے مرضی انتظامات کر لیں عوام انہیں چھپنے کا راستہ نہیں دیں گے، ان کے پاس 8 یا 10 دن ہیں۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ پاکستانی عوام نے فیصلہ دے دیا ہے، وزیر آباد پاکستان تحریکِ انصاف کے تمام ریکارڈ توڑنے جا رہا ہے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.