بھارتی اسپورٹس جرنلسٹ اویناش آریان نے بی سی سی آئی اور آئی سی سی کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔
گزشتہ روز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سلسلے میں بھارت اور بنگلادیش کے درمیان میچ ہوا، بنگلادیش بارش کے سبب جیتا ہوا میچ 5 رنز سے ہار گیا۔
بھارت کی جانب سے 185 رنز کے ہدف کا بنگلادیش نے جارحانہ انداز میں تعاقب شروع کیا تھا تاہم بارش کے باعث میچ روک دیا گیا تھا جس کے باعث اوورز اور ہدف میں تبدیلی کی گئی تھی۔
بھارت کے میچ جیتنے پر، ایمپائر کی جانب سے نو بال ہونے پر بھی نو بال نہ دینے پر اس میچ پر کئی سوال اُٹھ گئے ہیں۔
جہاں انٹرنیٹ صارفین کو سوشل میڈیا پر اپنی رائے کا اظہار کرنے سے نہیں روکا جا سکتا اسی طرح ایک بھارتی صحافی بھی اس میچ کے نتیجے پر اپنے ہی کرکٹ بورڈ پر برس پڑا۔
بھارتی اسپورٹس جرنلسٹ اویناش آریان نے کئی ٹوئٹس کیے جن میں انہوں نے بی سی سی آئی کو خوب آڑے ہاتھوں لیا۔
بھارتی صحافی نے بی سی سی آئی کو کبھی بارش تو کبھی آئی سی سی تو کبھی ورلڈ کپ ہی خریدنے کا مشورہ دیا۔
اویناش کا کہنا تھا سوشل میڈیا پر جو بی سی سی آئی پر تنقید کر رہے ہیں اُنہیں بھی خرید لو۔
اپنی ایک ٹوئٹ میں اویناش آریان نے ایمپائر مریس ایراسمس پر طنز کرتے ہوئے اُنہیں ماڈرن دور کا بہترین ایمپائر بھی قرار دیا۔
اویناش کی جانب سے اپنی ایک ٹوئٹ میں پاکستان کے لیے آج کے میچ کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار بھی کیا گیا۔
بھارتی صحافی کا کہنا تھا کہ کل پاکستان ٹورنامنٹ میں اپنا اب تک کا بہترین کھیل پیش کرے گا، میرے الفاظ لکھ کر رکھ لیں۔
Comments are closed.