انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سپر 12 مرحلے کے میچ میں بھارت نے بنگلادیش کو 185 رنز کا ہدف دیا تاہم بارش کے باعث بنگلا دیش کو اب 16 اوورز میں 151 رنز بنانے ہوں گے۔
ایڈیلیڈ میں جارحانہ انداز میں ہدف کا تعاقب کرنے والی بنگلادیش کی ٹیم نے 7 اوورز میں بغیر کسی وکٹ کے نقصان پر 66 رنز بنا لیے ہیں۔
اس دوران تیز بارش ہوجانے کے باعث میچ روک دیا گیا تھا۔ لٹن داس 59 اور نجم الحسین 7 رنز پر ناٹ آؤٹ ہیں۔
میچ میں بنگلادیش نے ٹاس جیت کر بھارت کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی جس پر بھارت نے مقررہ اوورز میں 6 وکٹ پر 184 رنز بنائے۔
بھارت کے ویرات کوہلی 64 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے جبکہ کے ایل راہول 50 اور سوریاکمار یادیو نے 30 رنز بنائے۔
بنگلادیش کے حسن محمود نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
دونوں ٹیموں نے پلیئنگ الیون میں ایک ایک تبدیلی کی ہے۔
بنگلادیش نے سومیا سرکار کی جگہ شرف الاسلام اور بھارت نے دیپک ہودا کی جگہ اکسر پٹیل کو میچ کھلایا ہے۔
گروپ 2 میں اس وقت بھارت دوسرے اور بنگلادیش تیسرے نمبر پر موجود ہے۔
بھارت اور بنگلادیش کے درمیان اب تک 12 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے جاچکے ہیں جن میں سے بھارت نے 10 میں فتح حاصل کی۔
بنگلادیش کی ٹیم نے بھارت کو ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں ایک ہی شکست 2019ء میں دی تھی۔
یہ میچ دونوں ٹیموں کے علاوہ پاکستان کے لیے بھی انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔
بنگلادیش کی ٹیم اگر آج بھارت کو شکست دیتی ہے اور پاکستان اپنے بقیہ دونوں میچز جیت گیا تو قومی ٹیم کے سیمی فائنل میں پہنچنے کی اُمیدیں زندہ رہیں گی۔
Comments are closed.