بدھ6؍ربیع الثانی 1444ھ 2؍نومبر 2022ء

پہلے چوری پھر واپسی!، بھارت میں چوروں نے ایسا کیوں کیا؟

بھارت کی ریاست اتر پردیش کے شہر غازی آباد میں چوروں نے واردات کے بعد عجیب و غریب کام کیا جو پولیس کے لیے کیس تو تھا ہی پر میڈیا کے لیے خبر بھی بن گیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق غازی آباد کی ایک فیملی 23 اکتوبر کو دیوالی کا تہوار منانے اپنے آبائی علاقے گئی تھی، 4 دن بعد واپس آنے پر انہیں معلوم ہوا کہ ان کے گھر میں چوری ہوگئی ہے۔

متاثرہ خاتون کی شکایت پر پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کردی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق کیس میں حیران کُن موڑ اس وقت آیا جب خاتون کو 31 اکتوبر کو کوریئر سروس کی طرف سے پارسل موصول ہوا جس میں چوری کیے گئے کچھ زیورات واپس بھجوائے گئے تھے۔

بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ چوروں نے کوریئر سروس کا استعمال کرتے ہوئے متاثرہ خاندان کو چوری کیے گئے زیور اور قیمتی سامان واپس بھجوا دیا، جن کی مالیت 5 لاکھ روپے ہے۔

رپورٹس کے مطابق چوروں نے گھر سے جو زیورات چوری کیے ان کی مالیت 20 لاکھ روپے ہے تاہم چوروں نے صرف 5 لاکھ مالیت کے زیورات واپس بھجوائے۔

بھارتی پولیس کا کہنا ہے کہ پارسل موصول ہونے کی اطلاع پر اس پر لکھے دکان کے نام اور پتے پر پولیس ٹیم روانہ کی گئی جہاں انکشاف ہوا کہ اس نام کی بازار میں کوئی دکان ہی موجود نہیں ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ کوریئر پر لکھا موبائل نمبر بھی غلط تھا، بعداذاں پولیس کوریئر کمپنی بھی گئی۔

مقامی پولیس کا کہنا ہے کہ کوریئر کمپنی سے ملنے والی ویڈیو میں دکھنے والے 2 افراد پر اس پورے کیس میں ملوث ہونے کا شبہ ظاہر کیا جارہا ہے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.