بدھ6؍ربیع الثانی 1444ھ 2؍نومبر 2022ء

مودی کی اسپتال آمد، انتظامیہ جلدی میں غلطی کرگئی

بھارت کے موربی سیول اسپتال کا عملہ وزیراعظم نریندر مودی کی آمد سے قبل جلدی میں غلطی کر بیٹھا جس کا بھانڈا مقامی میڈیا اور شہریوں نے پھوڑ دیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق نریندر مودی نے اسپتال میں زیر علاج پُل حادثے کے متاثرین سے ملاقات کی۔

رپورٹس کے مطابق وزیراعظم کے آنے سے قبل اسپتال عملے کی رات اسپتال کی صفائی کرتے گزری، جس کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل بھی ہوئی تھیں، تاہم جلد بازی میں انتظامیہ غلطی کر بیٹھی ۔

بھارتی میڈیا کے مطابق سرکاری اسپتال میں راتوں رات 4 پانی کے کولر تو لگا گئی تاہم ان میں کسی ایک میں بھی پانی موجود نہ تھا کیونکہ ان میں کنکشن ہی نہیں لگائے گئے تھے۔

بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ اسپتال کی انتظامیہ نے ان کی نشاندہی کے بعد کولر میں پانی کا کنکشن لگایا۔

موربی سیول اسپتال عملے کی گزشتہ رات اسپتال کی صفائی میں گزری، کیونکہ آج (یکم نومبر) وزیر اعظم نریندر مودی پل حادثے میں زخمی ہونے والوں کی عیادت کے لیے اسپتال کا دورہ دورہ کریں گے۔

رپورٹس کے مطابق اسپتال میں مریض کے ساتھ موجود ایک خاتون نے بتایا کہ یہ سب دکھاوا ہے، یہ پانی کا کولر پہلے یہاں نہیں تھا۔

دوسری خاتون نے بتایا کہ اسپتال میں بنیادی سہولیات کی بھی کمی ہے، انتظامیہ کے لوگ یہاں اس لیے آئے کیونکہ وزیراعظم کے آنے کا امکان تھا۔

واضح رہے کہ اتوار کو بھارت میں پیش آئے پُل حادثے میں مذہبی رسم کی ادائیگی میں مصروف 47 بچوں سمیت 135 افراد ہلاک جبکہ 100 سے زائد زخمی ہوئے، جو موربی سیول اسپتال میں زیر علاج ہیں۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.