
الیکشن کمیشن نے کراچی کے حلقے این اے237 ملیر میں مبینہ دھاندلی سے متعلق عمران خان کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا ہے۔
الیکشن کمیشن میں چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں 5 رکنی کمیشن نے عمران خان کی درخواست پر سماعت کی۔
درخواست گزار کے وکیل نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ ملیر ضمنی انتخاب میں پی ٹی آئی ایم پی اے پر 20 سے 25 افراد نے حملہ کیا، جتھے کے حملے سے متعلق پریزائیڈنگ افسر کا بیان موجود ہے، این اے 237 میں الیکشن شفاف نہیں ہوا۔
الیکشن کمیشن کے ممبر نے ریمارکس دیے کہ آپ کو کوئی مسئلہ ہے تو الیکشن ٹریبونل میں جائیں، ایف آئی آر درج نہیں ہو رہی تو سیشن کورٹ سے رجوع کریں۔
چیف الیکشن کمشنر نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ درخواست کے ساتھ کوئی ثبوت فراہم نہیں کیا گیا۔
کمیشن کے ممبر نے کہا کہ جہاں آپ کے امیدوار جیتے وہاں ٹھیک اور جہاں ہار گئے وہاں شفافیت نہیں؟ ہار جائیں تو الیکشن کمیشن کی کارکردگی آپ کو خراب نظر آتی ہے۔
الیکشن کمیشن کے اسپیشل سیکریٹری نے کہا کہ واقعہ پولنگ اسٹیشن کے باہر پیش آیا تھا، ایف آئی آر درج ہے، پولیس کی تحقیقاتی کمیٹی کام کر رہی ہے۔
Comments are closed.