
بھارت کے موربی سیول اسپتال عملے کی گزشتہ رات، اسپتال کی صفائی میں گزری کیونکہ وزیر اعظم نریندر مودی پل حادثے میں زخمی ہونے والوں کی عیادت کے لیے اسپتال کا دورہ کریں گے۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق اپوزیشن کی کڑی تنقید کے بعد وزیراعظم نریندر مودی اسپتال میں زیر علاج پل حادثے کے متاثرین سے ملاقات کے لیے اسپتال کا دورہ کریں گے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیراعظم کی آمد سے چند گھنٹوں قبل موربی سیول اسپتال انتظامیہ راتوں رات اسپتال کی صفائی میں مصروف رہی، جس کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں۔
سوشل میڈیا پر وائرل تصاویر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ چند دیواروں اور چھت کے کچھ حصوں پر رنگ و روغن کیا جارہا ہے۔ اس کے ساتھ ہی اسپتال میں پانی کے نئے کولر لگائے جارہے ہیں۔
اسپتال کے ان دو وارڈز جہاں پل حادثے میں زخمی ہونے والے زیر علاج ہیں، وہاں کی بیڈ شیٹس تیزی سے تبدیل کی گئیں۔
ان تصاویر میں بڑے پیمانے پر ہونے والی صفائی کے دوران کئی لوگوں کو رات گئے احاطے میں جھاڑو دیتے ہوئے دیکھا گیا۔
واضح رہے کہ اس ہولناک حادثے میں مذہبی رسم کی ادائیگی میں مصروف 47 بچوں سمیت 135 افراد ہلاک جبکہ 100 سے زائد زخمی ہوئے، جو موربی سیول اسپتال میں زیر علاج ہیں۔
Comments are closed.