منگل5؍ربیع الثانی 1444ھ یکم؍نومبر2022ء

عمران خان پنجاب اور KP اسمبلی کیوں نہیں توڑتے؟ سعید غنی

سندھ کے صوبائی وزیر، پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما سعید غنی کا کہنا ہے کہ عمران خان کا سیاسی مستقبل تاریک ہے، وہ قصہ پارینہ بننے جا رہے ہیں، یہ اب الیکشن کا مطالبہ کرتے ہیں، جب اقتدار میں تھے تو الیکشن نہیں کروایا، بلاول بھٹو عوامی مارچ میں نئے الیکشن کا مطالبہ کرتے رہے مگر اس وقت یہ نہ مانے، اب بھی یہ پنجاب اور کے پی اسمبلی کیوں نہیں توڑتے؟

سعید غنی نے وزیرِ بلدیات سندھ ناصر شاہ کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کبھی خونی انقلاب اور کبھی مارشل لاء کی باتیں کرتے ہیں، وہ ذہنی مفلوج اور سٹپٹائے ہوئے انسان ہیں، اس ملک میں سیاسی جماعتوں کی جدوجہد کی وجہ سے جمہوریت ہے، اب اسٹیبلشمنٹ سیاست میں مداخلت نہیں کرنا چاہتی، یہ ہر آئین پسند و سیاسی جماعت کی خواہش تھی۔

ان کا کہنا ہے کہ عمران خان کا کوئی سیاسی وژن نہیں، انہیں سیاسی فیصلے نہیں کرنے آتے، وہ چاہتے ہیں کہ ادارے متنازع ہو جائیں، وہ پارلیمنٹ کو بے توقیر کرنا چاہتے ہیں، اسلام آباد پہنچیں گے تو ان کے ساتھ عوام نہیں ہوں گے، مارشل لاء کا خواب دیکھنے والے تباہ ہوں گے۔

سعید غنی نے مزید کہا کہ عمران خان نے آرمی چیف کی تعیناتی کو متنازع بنانے کی کوشش کی جس کی مذمت کرتے ہیں، ان کا مطالبہ ہے کہ جو محبِ وطن ہے اس کو آرمی چیف لگایا جائے تو کیا باقی محبِ وطن نہیں ہیں؟ عمران خان ملک دشمن ہیں اور ملک کے لیے سیاسی تھریٹ ہیں، انہوں نے فوج کے اندر بھی شر پھیلانے کی کوشش کی ہے، ایٹمی اثاثوں کے خلاف بکواس کی ہے۔

سندھ کے صوبائی وزیر نے یہ بھی کہا کہ عمران خان نے ارشد شریف کی شہادت کو اپنے سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کرنے کی کوشش کی، بغیر ثبوت کے اس قتل کو ہمارے اداروں سے ملانے کی کوشش کی، سانحۂ لسبیلہ کے شہداء کے خلاف بھی انہوں نے مہم چلوائی، انہیں لاشیں نہیں ملیں گی جن کی انہیں ضرورت ہے، وفاقی حکومت نے اس حوالے سے جو تیاریاں کی ہیں ہم ان سے مطمئن ہیں۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.