پیر4؍ربیع الثانی 1444ھ31؍اکتوبر 2022ء

صدف نعیم کے شوہر سے سادے کاغذ پر دستخط کروائے گئے: پولیس

پی ٹی آئی کے مارچ میں دورانِ کوریج خاتون رپورٹر کی ہلاکت کے حوالے سے پولیس کا کہنا ہے کہ صدف کے شوہر نعیم بھٹی سے سادے کاغذ پر کسی قسم کی قانونی کارروائی نہ کرنے پر دستخط کروا کر کیس بند کیا گیا۔

پولیس کا مزید کہنا ہے کہ کاغذ پر یہ تحریر پولیس اور سینئر وزیر اسلم اقبال کی موجودگی میں لکھی گئی۔

پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان تعزیت کے لیے صحافی صدف نعیم کے گھر پہنچ گئے۔

پی ٹی آئی مارچ میں خاتون رپورٹر کی ہلاکت کے بعد اسپتال کارروائی کی ویڈیو سامنے آ گئی۔

ویڈیو میں پنجاب کے صوبائی وزیر اسلم اقبال صدف کے شوہر کو کاغذ اور پین دیتے ہوئے دکھائی دے رہے ہیں۔

پولیس اہل کار کی جانب سے صدف کے شوہر سے کہا جاتا ہے کہ کاغذ پر اپنا نام اور ولدیت بھی لکھیں۔

ویڈیو میں اسلم اقبال پولیس اہل کار کو کاغذ پر صدف کے شوہر سے انگوٹھا لگوانے کا بھی اشارہ کر رہے ہیں۔

سادھوکی / لاہور / کراچی پاکستان تحریک انصاف کے لانگ…

دوسری جانب قانونی ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر یہ تحریر نہ دی جاتی تو دفعہ 322 کے تحت مقدمہ درج ہونا تھا۔

ماہرینِ قانون کا یہ بھی کہنا ہے کہ اگر مقدمہ درج ہوتا تو ناصرف ڈرائیور کو پولیس کے حوالے کرنا پڑتا بلکہ کنٹینر کو بھی بند کرنا پڑتا۔

لیڈی رپورٹر صدف نعیم کے شوہر محمد نعیم بھٹی نے میڈیا سے گفتگو کے دوران کہا کہ مجھ پر کسی نے کوئی دباؤ نہیں ڈالا، اسلم اقبال نے کہا کہ اگر آپ کارروائی کروانا چاہتے ہیں تو اس کے لیے کہہ دیتے ہیں۔

نعیم بھٹی کا کہنا ہے کہ میں نے ان سے کہا کہ ہم نے کارروائی نہیں کروانی، یہ ایک حادثہ ہے، صدف اپنی جاب پر گئی تھی، اس دوران شہید ہو گئی۔

’’کچھ لوگ کہہ رہے ہیں صدف کو دھکا دیا گیا‘‘

صدف نعیم کے شوہر نے مزید کہا کہ ہم تو موقع پر موجود ہی نہیں تھے، ہم کیا کارروائی کریں گے، کچھ لوگ کہہ رہے ہیں پاؤں سلپ ہوا، کچھ کہہ رہے ہیں دھکا دیا گیا۔

نعیم بھٹی نے یہ بھی کہا کہ اب صدف اور اللّٰہ کا معاملہ ہے، ہمیں تو اصل بات کا پتہ نہیں، ہم کیوں کسی کے خلاف کارروائی کروائیں۔

تحریک انصاف کے لانگ مارچ کے دوران سادھوکی کے قریب عمراں خان کے کنٹینر کے نیچے آ کر جاں بحق ہونے والی نجی ٹی وی کی خاتون صحافی صدف نعیم کو سپردخاک کر دیا گیا۔

صدف نعیم کے شوہر سے دستخط کرانے پر وفاقی وزیر سعید رفیق نے ردِ عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ہے ’دو نہیں ایک پاکستان‘ کے نعرے کی اصلیت۔

انہوں نے کہا کہ شہید رپورٹر کے خاوند سے گھیرا ڈال کر کیسے دستخط کرائے گئے کہ کوئی کارروائی نہیں چاہتا۔

واضح رہے پاکستان تحریک انصاف کے لانگ مارچ میں نجی ٹی وی کی خاتون رپورٹر صدف نعیم عمران خان کے کنٹینر کے نیچے آکر جاں بحق ہوگئی تھیں ۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.