سندھ کے وزیر تعلیم و ثقافت سید سردار علی شاہ کی زیرصدارت اساتذہ کی بھرتیوں کے معاملے پر اہم اجلاس ہوا۔
کراچی میں منعقدہ اجلاس میں بتایا گیا کہ جونیئر ایلیمنٹری اسکول ٹیچرز کی 17684 خالی اسامیوں پر 15885 امیدواروں کو آفر لیٹر جاری کرنے کا مرحلہ مکمل ہوچکا ہے۔
اس موقع پر بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ پرائمری اسکول ٹیچر 40167 کی خالی اسامیوں پر 35153 امیدواروں کو آفر لیٹر جاری کیے جا چکے ہیں۔
صوبائی وزیر تعلیم نے تعیناتی کے معاملے پر شکایات پر ڈی ای اوز پر سخت برہمی کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ جن اسکولوں میں اساتذہ کی کمی ہے، وہاں ٹیچرز کی تعیناتی پہلی ترجیح ہونی چاہیے۔ استاد نہ ہونے کی وجہ سے کوئی بھی اسکول خالی نہیں رہنا چاہیے۔
صوبائی وزیر تعلیم کا مزید کہنا تھا کہ انتظامی سطح پر کہیں بھی کسی بھی استاد کی بھرتی کا معاملہ زیر التوا نہیں ہونا چاہیے۔
انہوں نے ہداہت کی کہ جن اضلاع میں بھرتی کے معاملے پر سستی سے کام لیا جائے گا وہاں کے افسران کے خلاف کارروائی ہوگی۔
اجلاس میں سیکریٹری اسکول ایجوکیشن اکبر لغاری، ڈائریکٹرز اسکولز، ڈی ای اوز دیگر تعلیمی افسران نے شرکت کی۔
Comments are closed.