جاپان میں یوم کشمیر کے حوالے سے گزشتہ روز خصوصی تقریبات کا اہتمام کیا گیا جس میں کشمیر یکجہتی فورم کی جانب سے بھارتی سفارت خانے کے سامنے خصوصی مظاہرہ کیا گیا۔
اس مظاہرے میں کشمیری، پاکستانی اور انسانی حقوق کی تنظیم کے نمائندوں نے شرکت کی جس میں مظاہرین نے بھارتی مظالم کے خلاف پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کشمیر یکجہتی فورم کے صدر شاہد مجید نے جاپان سمیت عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ بھارتی افواج کی جانب سے کشمیری عوام پر ہونے والے مظالم کا نوٹس لیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ والمی برادری بھارت کو مجبور کرے کہ بھارت اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق کشمیر کے عوام کو ان کا حق رائے دہی استعمال کرنے کی اجازت دے۔
اس موقع پر کشمیر یکجہتی فورم کے جنرل سیکریٹری مرزا خلیل بیگ سمیت دیگر افراد نے بھی مظاہرین سے خطاب کیا۔
دوسری جانب ٹوکیو میں پاکستانی سفارت خانے کی جانب سے یوم کشمیر منانے کے لیے ایک اور تقریب کا اہتمام کیا گیا۔
اس تقریب میں پاکستانی کمیونٹی کے ارکان اور کشمیریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
تقریب میں صدر اور وزیر اعظم پاکستان کے پیغامات پڑھ کر سنائے گئے جن میں کشمیریوں کے ساتھ ان کے جائز حق خود ارادیت کے حصول کے لیے حمایت اور یکجہتی پر زور دیا گیا تھا۔
سفارتخانے کی ناظم الامور عصمت حسن سیال نے اپنے ریمارکس میں بھارتی قابض افواج کی طرف سے بھارت کے غیر قانونی طور پر مقبوضہ جموں و کشمیر (IIOJK) میں مسلسل مظالم پر روشنی ڈالی اور کشمیر کاز کے لیے پاکستان کی مکمل حمایت کا اظہار کیا۔
اس موقع پر پاکستانی کمیونٹی کے ارکان نے ہمارے کشمیری بھائیوں کی حمایت میں تقاریر کیں۔
اس موقع پر سید فیض نقشبندی، کنوینر، اے پی ایچ سی اسلام آباد نے آر ایس ایس کی ہندوتوا حکومت کی طرف سے کشمیریوں پر جبر اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
کشمیر فورم جاپان کے صدر شاہد مجید نے اس دیرینہ تنازعے پر اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کس طرح بھارتی مظالم کے سبب کشمیریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
دریں اثناہ پاکستانی سفارت خانے میں کشمیر کے حوالے سے خصوصی تصاوپری نمائش کا انعقاد کیا گیا جس میں پاکستانی و جاپانی افراد نے خصوصی شرکت کی۔
Comments are closed.