پاکستان تحریکِ انصاف کے 4 رکنِ پنجاب اسمبلی نے خرم لغاری کے پارٹی چھوڑنے سے متعلق بیان کی تردید کر دی ہے۔
تحریک انصاف کے ایم پی اے منصور احمد خان نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ پارٹی چھوڑنے سے متعلق ایم پی اے خرم لغاری کے بیان کی بھر پور مذمت کرتا ہوں، عمران خان اور اپنی جماعت پی ٹی آئی کے ساتھ ہوں۔
تحریک انصاف کے رکن پنجاب اسمبلی عون حمید ڈوگر نے کہا ہے کہ مظفرگڑھ سے ایسا کوئی بھی بندہ نہیں جو پارٹی چھوڑنا چاہتا ہو، ہم لانگ مارچ میں بھر پور حصہ لیں گے۔
اسی طرح پی ٹی آئی کے ایم پی اے عبدالحئی دستی کا کہنا ہے کہ خرم لغاری کے بیان کی تردید کرتا ہوں، ہم عمران خان کے بیانیے کے ساتھ ہیں، ہم پارٹی چھوڑنے کا بالکل نہیں سوچ رہے، ہم تحریک انصاف کے ساتھ ہیں۔
عبدالحئی دستی کا کہنا ہے کہ ہم لانگ مارچ کےحوالے سے مکمل تیاری میں ہیں۔
دوسری جانب پی ٹی آئی کے ایم پی اے علمدار عباس قریشی نے بھی خرم لغاری کے بیان پر ردِ عمل دیا ہے۔
ایم پی اے علمدار عباس قریشی نے کہا ہے کہ خرم لغاری کے بیان کی مذمت کرتا ہوں، میں پی ٹی آئی کے ساتھ تھا، ہوں اور رہوں گا، ہم تو لانگ مارچ میں شرکت کے لیے جا رہے ہیں۔
یاد رہے کہ آج صبح رہنما پی ٹی آئی خرم لغاری نے دعویٰ کیا تھا کہ اُن کے ساتھ مزید 5 ارکانِ پنجاب اسمبلی نے بھی تحریکِ انصاف چھوڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔
خرم لغاری نے جیو نیوز سے گفتگو کے دوران کہا تھا کہ ہمیں دکھایا کچھ اور گیا تھا، ہوا کچھ اور ہے، ممکن ہے ہم اسمبلی سے بھی استعفیٰ دے دیں۔
Comments are closed.