مشیر امور کشمیر اور گلگت بلتستان قمر زمان کائرہ کا کہنا ہے کہ عمران خان سائفر سے کھیلتے کھیلتے اس ملک کے ساتھ کھیل رہے تھے، اگر کوئی عمران خان کی باتیں مانے تو ان کا موقف کچھ اور ہوتا، کوئی غیر جانبدار رہے تو عمران خان اس کے مخالف ہو جاتے ہیں، جو عمران کے ساتھ چلے وہ محب وطن اور جو ایسا نہ کرے اس کو غدار کہہ دیتے ہیں۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے قمر زمان کائرہ نے کہا کہ ثابت ہو گیا کہ عمران خان جھوٹ پر جھوٹ بولتے رہے، عمران خان نے الیکشن کمیشن کو بھی متنازع بنانے کی کوشش کی۔
قمر زمان کائرہ نے کہا کہ اداروں کی پریس کانفرنس میں بہت سی باتیں سامنے آئیں، عمران خان رات کو ملاقاتیں کرتے ہیں اور دن کو دھمکیاں دیتے ہیں، عمران خان جمہوری عمل اور معیشت کو تباہ کرنے کے درپے ہیں، عمران خان نے ریاستی اداروں میں پھوٹ ڈالنے کی کوشش کی۔
وزیراعظم کے مشیر نے کہا کہ پاکستان میں اس وقت فضا تلخی کا شکار ہے، سیاسی جماعتیں ہمیشہ اداروں کو آئین کے دائرہ کار میں کرنے کا مطالبہ کرتی رہیں، ہماری ساری جدوجہد یہی ہے کہ ملک کو آئین کے مطابق چلایا جائے، اہم دن ہے آج ہمارے افواج کے ترجمان نے غیر معمولی پریس کانفرنس کی، ماضی کی غلطیوں سے سیاسی جماعتوں اور ریاستی اداروں نے بھی سیکھا ہے، ادارے نے فیصلہ کیا ہے کہ سیاست میں مداخلت نہیں ہوگی۔
قمر زمان کائرہ نے کہا کہ ادارے اور فورسز اگر آئینی رویہ اپنا رہے ہیں تو ہمیں ان کی تعریف کرنی چاہیے، بے نظیر بھٹو کی شہادت ہوئی، بھائیوں اور کارکنوں کی شہادت ہوئی، ہم جو لکیر کھینچنا چاہتے تھے آج وہ لکیر کھِنچ گئی، اداروں نے ساری دنیا کے سامنے اعلان کیا آئندہ سیاست میں مداخلت نہیں ہوگی، جب ادارے آئین کی پاسداری بات کر رہے ہیں تو ان کی تعریف کرنی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو اور بے نظیر بھٹو نے اسی سول بالادستی کے لیے قربانی دی، بجائے اس کے کہ اداروں کے اس عمل کو سراہا جاتا اس پر تنقید کی جا رہی ہے، پیپلز پارٹی کی قیادت نے ہمیشہ اداروں کے احترام کا درس دیا۔
Comments are closed.