جمعرات 30؍ربیع الاول 1444ھ27؍اکتوبر 2022ء

عمران خان نے سائفر پر کھیل کھیلا، وزیر داخلہ

وفاقی وزیرِ داخلہ رانا ثنا اللّٰہ نے کہا ہے کہ عمران خان نے سائفر پر کھیل کھیلا اور یہ نہیں سوچا کہ قوم کا اس سے کتنا نقصان ہوگا۔

وفاقی وزیرِ داخلہ رانا ثنا اللّٰہ نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان نے کھیل کھیلا، یہ نہیں سوچا ملک کا کیا ہوگا۔

رانا ثناء نے کہا کہ آرمی چیف غیر معینہ مدت تک توسیع پر رضامند ہوجائیں تو ان کی تعریفیں اور انکار پر عمران انہیں میر جعفر اور میر صادق جیسے القابات دیتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کی ذہنی پستی کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے، اس منفی ایجنڈے کے ساتھ کسی ملک میں قانون کی بالادستی فروغ نہیں پاسکتی۔

رانا ثناءاللّٰہ نے صحافی ارشد شریف سے متعلق بات کرتے ہوئے مزید کہا کہ ارشد شریف کے قتل کا معاملہ دو لوگوں کی طرف جاتا ہے، ارشد شریف کو دبئی پھر کینیا بھیجا گیا، ارشد شریف کو ڈرایا دھمکایا گیا، موت کے متعلق مقدمات انکوائری کمیشن کی رپورٹ کے بعد قائم کیے جائیں گے۔

اُن کا کہنا تھا کہ ارشد شریف کے قتل سے متعلق حقائق کی چھان بین کا عمل جاری ہے، وقار نامی شخص کے کردار کو بھی سامنے لایا جائے گا، سارے تانے بانے عمران خان اور سلمان اقبال کی طرف جاتے ہیں، بادی النظر میں جو شواہد ہیں اس کے اشارے عمران خان اور سلمان اقبال کی طرف جاتے ہیں۔

وزیر داخلہ رانا ثناء اللّٰہ نے کہا ہے کہ خرم اے آر وائی کا ملازم ہے، کینیا میں فارم ہاؤس کس کا ہے اس کی تصدیق شدہ تفصیل ایک دو دن میں مل جائے گی، متنازع فارم ہاؤس کی بھی رپورٹ دیں گے۔

ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل ندیم انجم نے کہا ہے کہ صحافیوں کو لفافہ کہنے کے خلاف ہوں

وزیرداخلہ رانا ثناء نے پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ پی ٹی آئی نے ایچ نائن اور جی نائن میں جلسے کی درخواست دی ہے،  اجازت سے پہلے ان کے ارادوں کے بارے میں بھی اندازہ لگائیں گے، دیکھیں گے کہ یہ سپریم کورٹ اور ہائیکورٹ کے احکامات کے تحت رہیں۔

انہوں نے کہا کہ پرامن اور آئین کے تحت جلسے کی اجازت دو روز قبل دیں گے، اگر تحریک انصاف نے ضروری تقاضے پورے کیے تو اجازت دیں گے۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما سعید غنی نے کہا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو پاکستان کے لیے سب سے بڑا سیکیورٹی تھریٹ قرار دے دیا ہے۔

رانا ثناء نے مزید کہا کہ کسی قیمت پر مارچ کو ریڈ زون میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دیں گے، آرٹیکل 245 کے تحت فوج کو بھی بلایا جائے گا، پرامن نہ ہونے پر مارچ کو اسلام آباد میں داخلے کے تمام راستوں پر روکیں گے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان نفرت اور قوم کو تقسیم کرنے کی سیاست کررہا ہے، 25 مئی کو یہ لوگ خونی مارچ لیکر آئے جس میں ناکام ہوئے، اُس لانگ مارچ کے بارے میں کہا گیا کہ 25 لاکھ لوگ آئیں گے۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ عمران خان جس قسم کی تقاریر کررہے ہیں وہ منفی پروپیگنڈا کررہے ہیں، وہ قوم کے نوجوانوں کو گمراہ کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ فسادی مارچ کی بنیاد رکھی جا رہی ہے، اب دوبارہ آنے کے لیے جو تقاریر کر رہا ہے وہ بد بختی کی علامت ہے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.