منگل 28؍ربیع الاول 1444ھ25؍اکتوبر 2022ء

ارشد شریف کی تدفین جمعرات کو ہو گی، اہلخانہ

کینیا میں قتل ہونے والے سینئر صحافی اور اینکر ارشد شریف کی تدفین کب کی جائے گی اس حوالے سے اہلخانہ نے بتادیا۔

ایک بیان میں اہلخانہ کا کہنا ہے کہ ارشد شریف کا جسد خاکی منگل کو پاکستان لایا جائے گا۔

کینیا پولیس کے مطابق متوفی ارشد شریف کے ڈی جی 200 ایم میں سوار تھے، اُن کی گاڑی پولیس ناکے پر رکنے کے بجائے آگے بڑھ گئی، جس پر پولیس نے فائرنگ کی، جس میں مقتول پہلے زخمی ہوئے اور پھر دم توڑ گئے۔

ارشد شریف کے اہلخانہ کا کہنا ہے کہ مرحوم کی تدفین جمعرات کو ایچ 11 قبرستان اسلام آباد میں ہو گی۔

دوسری جانب ارشد شریف کا کینیا میں پوسٹ مارٹم مکمل کرلیا گیا ہے، سفارتی ذرائع نے نیروبی میں ارشد شریف کے پوسٹ مارٹم کا عمل مکمل ہونے کی تصدیق کردی۔

کینیا کے صدر نے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے انصاف کے تقاضے پورے کرنے کی یقین دہانی کروائی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کینیا کے صدر ولیم روٹو کو ٹیلی فون کرکے ارشد شریف کے قتل کے واقعے پر بات کی۔

کینیا کے صدر نے واقعے کی تحقیقاتی رپورٹ جلد دینے کی یقین دہائی کروائی۔

وزیراعظم نے کینیا کے صدر سے ارشد شریف کے جاں بحق ہونے کے واقعے پر بات کی، شہباز شریف نے واقعے کی غیر جانبدارانہ اور شفاف تحقیقات پر زور دیا۔

واضح رہے کہ سینئر صحافی اور اینکر ارشد شریف کو کینیا میں قتل کردیا گیا ہے۔

ارشد شریف کی موت کی تصدیق کرتے ہوئے ان کی اہلیہ جویریہ صدیق کا کہنا تھا کہ پولیس کے مطابق ارشد شریف کو کینیا میں گولی ماری گئی۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.