ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ گروپ ٹو کے میچ میں پاکستان کی طرف سے دیئے گئے 160 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بھارت کی پہلی دوسری وکٹ 10 رنز پر گر گئی۔
بھارت کی جانب سے کے ایل راہول اور کپتان روہت شرما نے اننگز کا آغاز کیا۔
نسیم شاہ نے کے ایل راہول کو پویلین کی راہ دیکھائی، وہ 4 رنز بنا سکے۔
بھارتی کپتان روہت شرما کو حارث رؤف نے آؤٹ کیا، انہوں نے بھی 4 رنز بنائے۔
اس سے قبل میلبرن کرکٹ گراؤنڈ میں ٹاس جیت کر بھارتی کپتان نے پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تھی، جس کے بعد قومی ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹ پر 159 رنز بنائے تھے۔
روہت شرما کے فیصلے کے بعد پاکستان کے کپتان بابر اعظم اور وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان نے اننگز کا آغاز کیا۔
بھارتی فاسٹ بولر ارشدیپ سنگھ نے بابر اعظم کو اپنے پہلے ہی اوور کی پہلی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ کیا۔
پاکستان ٹیم کی دوسری وکٹ ارشدیپ سنگھ نے چوتھے اوور کی آخری گیند پر حاصل کی، محمد رضوان 4 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوئے۔
دو وکٹیں جلد گرنے کے بعد شان مسعود اور افتخار احمد نے پاکستان ٹیم کی بیٹنگ کو سنبھالا۔
افتخار احمد نے 32 گیندوں پر 4 چھکوں اور 2 چوکوں کی مدد سے ففٹی اسکور کی، انہیں 13ویں اوور میں محمد شامی نے آوٹ کیا۔
اس دوران شان مسعود دوسرے اینڈ پر جم کر بھارتی بولرز کا مقابلہ کرتے رہے۔
پاکستان کی چوتھی وکٹ 96 کے مجموعی اسکور پر گری، شاداب خان کو 14ویں اوور میں ہاردیک پانڈیا نے آؤٹ کیا۔
اسی اوور کی آخری گیند پر حیدر علی بھی 2 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوگئے۔
بھارتی فاسٹ بولر ہاردیک پانڈیا نے پاکستان کی چھٹی وکٹ 16ویں اوور میں حاصل کی، جب محمد نواز 9 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوئے۔
پاکستان کی ساتویں وکٹ آصف علی کی گری جب وہ 17 ویں اوور میں ٹیم کے اسکور میں 2 رنز کا اضافہ کر کے آؤٹ ہوئے۔
بھوونیشور کمار نے آخری اوور میں شاہین شاہ آفریدی کی وکٹ حاصل کی۔ وہ 16 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
تیسرے نمبر پر بیٹنگ کے لیے آنے والے شان مسعود 52 اور حارث رؤف 6 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
ٹاس کے موقع پر پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا کہ ہم بھی ٹاس جیت جاتے تو بولنگ کرتے، ہم 3 فاسٹ بولرز، 2 اسپنرز اور 6 بیٹرز کے ساتھ میدان میں اتر رہے ہیں۔
بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان روہت شرما نے اس موقع پر کہا کہ پچ بولنگ کے لیے بہتر لگ رہی ہے، میچ کی بہت اچھی تیاری کی ہے۔
پاکستان ٹیم بابر اعظم (کپتان)، محمد رضوان، شان مسعود، حیدر علی، افتخار احمد، محمد نواز، آصف علی، شاداب خان، شاہین آفریدی، حارث رؤف اور نسیم شاہ پر مشتمل ہے۔
بھارتی ٹیم میں روہت شرما (کپتان)، کے ایل راہول، ویرات کوہلی، سوریا کمار یادیو، ہاردیک پانڈیا، دنیش کارتک، اکسر پٹیل، بھوونیشور کمار، محمد شامی، ارشدیپ سنگھ اور روی ایشون شامل ہیں۔
ٹاس سے قبل گراؤنڈ میں گفتگو کرتے ہوئے شاداب خان نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ بہت بڑی اہمیت کا حامل ہوتا ہے۔
شاداب خان نے کہا کہ بطور ٹیم ہم اچھا کھیل رہے ہیں، ہم اس وقت بھارت سے بہتر ہیں۔
دوسری جانب بھارتی کھلاڑی ہاردیک پانڈیا نے کہا کہ پاکستان کے خلاف میچ کھیلنے کے لیے پرجوش ہوں، دونوں ٹیمیں انجوائے کریں گی۔
انہوں نے کہا کہ یہ انٹرنیشنل کرکٹ ہے، ہر ٹیم کے پاس اچھے بولرز ہوتے ہیں۔
پاک بھارت ٹاکرا دیکھنے کے لیے گراؤنڈ میں دونوں ٹیموں کے شائقین کی بڑی تعداد موجود ہے۔
Comments are closed.