ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے سپر 12 مرحلے میں گروپ 1 کے دوسرے میچ میں سیم کرن افغانستان کی بیٹنگ لائن کے لیے ڈراؤنا خواب ثابت ہوگئے، ان کی تباہ کن بولنگ کے باعث افغانستان کی ٹیم 112 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی۔
پرتھ میں کھیلے جارہے اس میچ میں انگلینڈ نے ٹاس جیت کر افغانستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔
تیز بولنگ کا فائدہ اٹھاتے ہوئے انگلینڈ نے افغانستان کے بیٹرز کو جم کر کھیلنے نہ دیا۔
ابراہیم زادران کے 32 اور عثمان غنی کے 30 رنز کے علاوہ کوئی افغان بلے باز قابلِ ذکر کارکردگی نہیں دکھا سکا۔
افغانستان کے آخری 5 کھلاڑی صرف تین رنز کے اندر پویلین لوٹ گئے۔
انگلینڈ کی جانب سے سیم کرن صرف 10 رنز کے عوض 5 وکٹیں لے اُڑے، جبکہ مارک ووڈ اور بین اسٹوکس دو دو اور کرس ووکس نے ایک وکٹ لی۔
افغانستان کی ٹیم میں حضرت اللّٰہ زازئی، وکٹ کیپر رحمٰن اللّٰہ گُرباز، ابراہیم زادران، نجیب اللّٰہ زادران، عثمان غنی، محمد نبی، عظمت اللّٰہ عمر زئی، راشد خان، فضل حق فاروقی، مجیب الرحمٰن اور فرید احمد ملک شامل ہیں۔
انگلش ٹیم کپتان جوز بٹلر، ایلکس ہیلز، ڈاوڈ ملان، بین اسٹوکس، ہیری بروک، لیام لونگسٹن، معین علی، سیم کرن، کرس ووکس، کرس جورڈن، عادل رشید اور مارک ووڈ پر مشتمل ہے۔
اس سے قبل کھیلے گئے میچ میں نیوزی لینڈ نے دفاعی چیمپئن آسٹریلیا کو باآسانی 89 رنز سے ہرا دیا۔
سڈنی کرکٹ گراؤنڈ میں201 رنز کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے آسٹریلیا کی پوری ٹیم 17.1 اوور میں 111 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔
Comments are closed.