جمعہ24؍ربیع الاول 1444ھ21؍اکتوبر 2022ء

عمران خان لوگوں کو چور بولتا ہے، مگر خود چور ثابت ہوا، فضل الرحمان

پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ عمران خان لوگوں کو چور بولتا ہے، مگر خود چور ثابت ہوا، عمران خان آج جکڑا گیا، پاکستان میں مزید تخریب کاری نہیں چلے گی۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فضل الرحمان نے کہا کہ بنے گی اس طرح تصویر جانا، بہت پہلے ہماری بات مان لینی چاہیے تھی، ہم فقیروں کی بات کو کوئی سنتا نہیں، ہم روز اوّل سے بول رہے ہیں عمران خان پاکستانی سیاست کا غیرضروری عنصر ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ قوم نے دیکھ لیا کہ کرپٹ پریکٹس کرکے وزیراعظم کے منصب کو ذاتی آمدنی کا ذریعہ بنایا گیا۔

فضل الرحمان نے کہا کہ عمران خان کی پشت پر بین الاقوامی اسٹیبلشمنٹ ہے، کسی بات پر عمران خان آج تک قائم نہیں رہا، اب مزید تخریب کاری نہیں چلے گی، ہم نے بھی ملین مارچ کیے جلوس کیے، مگر کسی عام آدمی کی زندگی کو تکلیف نہیں پہنچائی، اسے ہماری سیاست میں فیڈ کیا گیا، اس کی صداقت، امانت اور دیانت طشت از بام ہوگئی ہے۔

سربراہ پی ڈی ایم نے مزید کہا کہ صداقت کا یہ عالم ہے کہ صبح ایک بات کرتا ہے تو شام کو دوسری بات، کسی بات پر آج تک قائم نہیں رہا، یہ کیسی صداقت ہے، امانت کا یہ عالم ہے کہ لوگوں کو چور کہتا ہے کہ پاکستان میں چوری کی ہے، اس نے تو پوری دنیا کو لوٹا ہے، امریکا اسرائیل یہودیوں اور بھارت سے پیسہ لوٹا ہے کوئی حساب نہیں ہے۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ پاکستان ان جیسے عناصر سے نجات پائے گا،  عوام ایسے لوگوں کو کچل کے رکھ دیں گے، عام آدمی کیلئے مشکلات نہ پیدا کی جائیں، یہ رد عمل پی ٹی آئی اور اس کے کارکنوں کی بوکھلاہٹ ہے، قوم ان حربوں سے گمراہ نہیں ہوگی۔

سربراہ پی ڈی ایم نے کہا کہ میدان میں ان کو اقتدار سے نکالا ہے اور آج ملکی سیاست سے باہر کر دیا، یہ قوم کی اور ہماری فتح ہے پوری قوم کو مبارکباد دیتا ہوں۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.