بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

اسکول بس میں چھپے اژدھے کو ریسکیو اہلکاروں نے ڈھونڈ نکالا

کھایا پیا ہضم کیا، کی مثال اُترپردیش کے اژدھا پر صادق آتی ہے جو پوری بکری نگل کر ہضم کرنے کی خاطر اسکول بس میں چُھپ گیا، جسے محکمہ جنگلات نے ایک گھنٹے کی انتھک محنت کے بعد بلآخر پکڑ ہی لیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق محکمہ جنگلات کا کہنا ہے کہ اتر پردیش کے شہر رائے بریلی میں مقامی شہری نے شکایت ریکارڈ کروائی کہ ایک اژدھے نے اس کی بکری کھالی اور پھر  اسکول پارکنگ میں کھڑی بس میں جاکر چھپ گیا۔

شہری کی شکایت موصول ہونے پر محکمہ جنگلات نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے اسکول بس میں چھپے ہوئے اژدھا کو ایک گھنٹے کی انتھک محنت کے بعد بلآخر ڈھونڈ لیا اور بس سے نکالنے میں کامیاب ہوگئے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ گزشتہ روز پیش آیا تھا، اسکول بند ہونے کی وجہ سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ اژدھا اسکول بس کی سیٹ کے نیچے جا کر چھپ گیا ہے جسے محکمہ جنگلات کے اہلکار لکڑی کی مدد سے پکڑ کر نکال رہے ہیں۔

دریں اثناء اژدھے کا آدھا حصہ بس کے انجن میں پھس جاتا ہے جسے ریسکیو ٹیم نے رسیوں کی مدد سے پکڑ کر باہر نکالنے میں کامیاب ہوگئے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.