بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

افغان طالبان کے خوف سے خاتون نے خود کشی کرلی

افغانستان کے صوبہ غور میں ایک خاتون نے اس وقت خودکشی کرلی جب اسے گھر سے بھاگنے پر طالبان کا خوف طاری ہوگیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق طالبان گزشتہ جمعے کو گھر سے بھاگ کر شادی کرنے والی خاتون کو سنگسار کرنے والے تھے کہ مذکورہ خاتون نے سرعام تذلیل سے بچنے کی خاطر پہلے ہی خودکشی کرلی جبکہ جس شخص کے ساتھ خاتون نے گھر سے بھاگ کر شادی کی تھی اسے جمعرات 13 اکتوبر کو پھانسی دے دی گئی تھی۔

طالبان کے صوبائی پولیس چیف برائے غور کے قائم مقام ترجمان عبدالرحمان کا کہنا ہے کہ خواتین کی جیل نہ ہونے کی وجہ سے خاتون کو سرعام سنگسار کرنے کی سزا سنائی گئی۔

طالبان سیکیورٹی اہلکار کے مطابق خاتون نے سزا ملنے سے قبل ہی اپنے اسکارف سے اپنا گلا گھونٹ کرخود کشی کرلی تھی۔

طالبان حکومت کی جانب سے گھر سے بھاگنے والی خواتین کو سنگسار کرنے یا سرعام کوڑے مارنے کے فیصلے کے باوجود حال ہی میں ملک کے مختلف صوبوں سے خواتین کے گھروں سے بھاگنے کے واقعات میں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق طالبان کی جانب سے خواتین پر متعدد پابندیاں عائد کرنے کے بعد ایسے اقدامات سامنے آرہے ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ برس اگست میں کابل پر قبضہ کرنے کے بعد طالبان نے حکومت میں آکر خواتین کی آزادی اور حقوق سلب کردیے تھے۔

طالبان نے خواتین پر پابندیوں کا آغاز تعلیم پر پابندی عائد کرنے سے کیا، افغانستان میں چھٹی جماعت کے بعد طالبات اسکول نہیں جاسکتیں۔

معاشی بحران اور پابندیوں کی وجہ سے خواتین کی بڑی تعداد کو افرادی قوت سے باہر کردیا گیا۔

حصول علم، کام، عوامی شرکت اور صحت جیسے شعبے میں بنیادی حقوق حاصل ہونے کے باوجود خواتین اور لڑکیوں کو افغانستان میں محرومی کا سامنا ہے۔

یہاں تک کہ خواتین اور لڑکیوں کو بغیر محرم سفر کرنے کی بھی پابندی ہے۔ افغان طالبان نے اقتدار میں آنے کے ایک ماہ بعد خواتین کے ڈریس کوڈ کے خلاف حکم نامہ جاری کیا تھا۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.