معروف امریکی کمپنی کے ٹیسلا اور اسپیس ایکس کے بانی ایلون مسک نے ٹوئٹر پر اپنے پرفیوم کی مزاحیہ انداز میں تشہیر کی ہے۔
ایلون مسک نے’برنٹ ہیئر‘ کے نام سے اپنا ایک پرفیوم لانچ کیا ہے اور وہ ٹوئٹر پر اس کی تشہیر بھی کر رہے ہیں۔
اُنہوں نے اپنے ایک ٹوئٹ میں لکھا ہے کہ براہِ کرم میرا پرفیوم خریدیں تاکہ میں ٹوئٹر خرید سکوں۔
اُنہوں نے اپنے ایک اور ٹوئٹ میں مزاحیہ انداز میں لکھا ہے کہ میرے نام کا خوشبو کے کاروبار میں شامل ہونا ناگزیر تھا، تو میں اس کے لیے اتنی دیر تک لڑتا کیوں رہا؟
یہی نہیں ایلون مسک نے اپنے پرفیوم لانچ کے بعد اس کی فروخت کے لیے ٹوئٹر پر اپنا بائیو بھی تبدیل کر لیا ہے۔
اُنہوں نے اپنی ٹوئٹر بائیو میں لکھا ہے کہ میں پرفیوم سیلز مین ہوں۔
ایلون مسک نے ٹوئٹر پر پرفیوم خریدنے کے خواہش مند افراد کے لیے آفیشل ویب سائٹ کا لنک بھی شیئر کیا ہے اور لکھا ہے کہ یہ زمین پر سب سے بہترین خوشبو ہے۔
اُنہوں نے یہ دعویٰ بھی کیا ہے کہ ابھی تک ان کے پرفیوم کی 20 ہزار بوتلیں فروخت ہو چکی ہیں۔
واضح رہے کہ یہ توقع کی جا رہی ہے کہ ایلون مسک رواں ماہ کے آخر تک 44 بلین ڈالرز کی ٹوئٹر ڈیل مکمل کر لیں گے اور اگر وہ ایسا کرنے میں ناکام ہوتے ہیں تو پھر اُنہیں معاہدے کی خلاف ورزی کرنے پر نومبر میں مقدمے کا سامنا کرنا پڑے گا۔
Comments are closed.