
قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم کے بعد والد، اعظم صدیقی نے بھی سینئر صحافی کے بیٹے کے خلاف بیان پر ردِ عمل کا اظہار کیا ہے۔
کپتان کے والد نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ انسٹاگرام پر بیٹے، بابر اعظم، معروف صحافی آفتاب اقبال اور اپنی تصویر کا کولاج شیئر کیا ہے۔
اعظم صدیقی نے اس پوسٹ کے نوٹ میں بابراعظم کے لیے آفتاب اقبال، آفتاب اقبال کے لیے بیٹے کی جانب سے دیے گئے بیان پر ردِ عمل کا اظہار کیا ہے۔
اعظم صدیقی کا نوٹ میں لکھنا ہے کہ سلام پاکستان، کچھ دن پہلے محترم آفتاب اقبال نے شاید بابراعظم کے بارے میں کچھ باتیں کر دی تھیں جس کی اُنہوں نے وضاحت بھی کر دی ہے اور ممکن ہے کچھ غلط فہمی ہو گئی ہو، میں اُن کو ایک اردو کا بہترین اُستاد مانتا ہوں اور وہ اپنے پروگراموں میں بہت زیادہ اردو کی خدمت کرتے نظر آتے ہیں۔
انہوں نے مزید لکھا کہ عوام سے اور بابر سے پیار کرنے و الوں سے درخواست ہے کہ اُن کی عزت اور رائے کا احترام کریں، بابر واقعی ہی اُن کو نہیں جانتا پر میں اُن کو بڑی دیر سے اُن کی اردو کی خدمت کی وجہ سے جانتا ہوں۔
اعظم صدیقی کا اپنی پوسٹ میں لکھنا ہے کہ آفتاب اقبال بے شک مجھ سے چھوٹے ہیں پر ہمارا ادب کا رشتہ ہے اور وہ مجھے جانتے بھی نہیں، میں سب سے درخواست کرتا ہوں کہ اس بات کو اب طول نہ دیا جائے، جزاک اللّٰہ، پاکستان زندہ باد!
واضح رہے کہ گزشتہ روز پریس کانفرنس کے دوران بابر اعظم سے ایک اسپورٹس صحافی نے سوال کیا تھا کہ آپ پر تنقید کی جا رہی ہے کہ بطور ٹیم کے کپتان آپ موزوں نہیں ہیں۔
صحافی نے مزید کہا کہ سینئر صحافی آفتاب اقبال نے آپ پر کڑی تنقید کی ہے، اس سے متعلق آپ کیسا محسوس کرتے ہیں۔
اس سوال کے جواب میں بابر اعظم کا کہنا تھا کہ مجھے نہیں معلوم آپ کس کی بات کر رہے ہیں، میں نہیں جانتا کہ آفتاب اقبال کون ہے۔
Comments are closed.