پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما فواد چوہدری کی ایک لائیو ٹی وی پروگرام میں پٹھان قوم سے متعلق انتہائی نازیبا گفتگو سامنے آئی ہے۔
ایک نجی نیوز چینل کے پروگرام میں سابق ڈی جی ایف آئی اے بشیر میمن کو باتھ روم میں بند کیے جانے کے واقعے پر فواد چوہدری نے نازیبا انداز میں اظہارِ خیال کیا ہے۔
فواد چوہدری نے بشیر میمن کے اس حوالے سے سامنے آنے والے بیان پر مسکراتے ہوئے کہا کہ بشیر میمن نے بھی یہی کہا کہ مجھے سمجھانے کے لیے باتھ روم میں لے گئے تھے۔
فواد چوہدری آن ایئر شو میں تہذیب کا دامن ہاتھ سے چھوڑ بیٹھے اور انہوں نے پٹھان قوم کے بارے میں انتہائی نازیبا تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ’بشیر میمن نے خان کے ساتھ باتھ روم میں جانے کا بڑا رسک لیا‘۔
واضح رہے کہ سابق ڈی جی ایف آئی اے بشیر میمن نے ایک روز قبل نجی ٹی وی کے پروگرام میں کہا تھا کہ سابق وزیرِ اعظم عمران خان نے میرے سامنے مریم نواز کے بارے میں انتہائی غلیظ زبان استعمال کی تھی جس پر مجھے غصہ آ گیا اور میں نے اونچی آواز میں عمران خان کو جواب دیا، میرا جواب اتنا سخت تھا کہ بس گالی دینے کی نوبت رہ گئی تھی۔
بشیر میمن نے کہا تھا کہ میرا لہجہ دیکھتے ہوئے اعظم خان میرا ہاتھ پکڑ کر مجھے باتھ روم میں لے گئے اور دروازہ بند کر دیا۔
سابق ڈی جی ایف آئی نے یہ بھی بتایا کہ اعظم خان نے یہ بھی کہا کہ وزیرِ اعظم کو ایسا کہہ رہے ہو۔
دوسری جانب پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری کے ٹی وی پروگرام میں پشتونوں سے متعلق مذکورہ تبصرے پر خود ان کی پارٹی پی ٹی آئی کے رکنِ خیبر پختون خوا اسمبلی ڈاکٹر ہشام انعام اللّٰہ اور اے این پی کے رہنما ایمل ولی خان نے شدید الفاظ میں مذمت کی ہے اور ان سے پٹھان قوم سے معافی مانگنے کا مطالبہ کیا ہے۔
فواد چوہدری کے اس بیان پر پی ٹی آئی کے رکنِ خیبر پختون خوا اسمبلی ڈاکٹر ہشام انعام اللّٰہ نے ردِ عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ فواد چوہدری نے پٹھانوں سے متعلق مذاقاً جو کہا ہے اسے پٹھان قوم کی توہین سمجھتا ہوں، فواد چوہدری کو پٹھان قوم سے معافی مانگنی چاہیے۔
انہوں نے کہا ہے کہ یہ پٹھانوں سے متعلق ایسی سوچ رکھتے ہوئے کیسے پی ٹی آئی کا حصہ بنے جبکہ تحریکِ انصاف کا بانی بھی قومیت کے لحاظ سے پٹھان ہے۔
ہشام انعام اللّٰہ نے ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس تحریک میں حصہ لینے اور اسے کامیاب بنانے والے پٹھان ہیں، پاکستان کو پٹھان، پنجابی، سندھی اور بلوچ سب نے مل کر بنایا، کسی ایک قوم کو دوسرے پر برتری حاصل نہیں ہے۔
پی ٹی آئی کے رکنِ خیبر پختون خوا اسمبلی کا یہ بھی کہنا ہے کہ فواد چوہدری کو ایسی سوچ سے حقیقی آزادی حاصل کرنی چاہیے۔
دوسری جانب عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کے رہنما ایمل ولی کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ ایک لوٹے فواد چوہدری نے پشتون قوم کی تضحیک کی ہے۔
فواد چوہدری کے اس تبصرے پر مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر بھی صارفین کی جانب سے اظہارِ مذمت کیا جا رہا ہے۔
Comments are closed.