پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور سابق وزیرِ اعظم عمران خان کے خلاف توہین عدالت کا کیس خارج کرنے پر مسلم لیگ کی نائب صدر مریم نواز کا ردعمل آ گیا۔
سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر پر جاری کیے گئے بیان میں مریم نواز نے کہا کہ توہین تو ہوئی ہے اور پوری دنیا کے سامنے ہوئی ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ سو کیس خارج ہو گیا کہنے کے بجائے یہ کہنا زیادہ مناسب ہے کہ فتنے کو معافی ملی ہے، درگزر ہوا ہے۔
واضح رہے اسلام آباد ہائی کورٹ نے خاتون جج زیبا چوہدری کے خلاف توہین آمیز زبان استعمال کرنے پر عمران خان کے خلاف توہینِ عدالت کی کارروائی کو ختم کرتے ہوئے نوٹس ڈسچارج کر دیا ہے۔
اسلام آباد ہائی کورٹ میں توہینِ عدالت کیس کی سماعت چیف جسٹس اطہر من اللّٰہ کی سربراہی میں 5 ججز پر مشتمل لارجر بینچ نے کی۔
جسٹس محسن اختر کیانی، جسٹس میاں گل حسن اورنگ زیب، جسٹس طارق محمود جہانگیری اور جسٹس بابر ستار بینچ کا حصہ تھے۔
چیف جسٹس اطہر من اللّٰہ نے کہا کہ بیانِ حلفی ہم نے دیکھ لیا ہے، عمران خان نے نیک نیتی ثابت کی اور معافی مانگنے گئے، ہم توہینِ عدالت کا نوٹس ڈسچارج کر کے کارروائی ختم کر رہے ہیں۔
چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ نے کہا کہ یہ لارجر بینچ کا متفقہ فیصلہ ہے، ہم عمران خان کے کنڈکٹ سے بھی مطمئن ہیں۔
Comments are closed.