آمدن سے زائد اثاثوں کے نیب ریفرنس میں مسلم لیگ ن کے رہنما، سابق وزیرِ خزانہ اسحاق ڈار کے آج سرینڈر کرنے کے موقع پر اسلام آباد کی احتساب عدالت کے اطراف سیکیورٹی سخت کر دی گئی ہے۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں جوڈیشل کمپلیکس جانے والے راستے کو خار دار تار لگا کر عام ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔
اسلام آباد کی احتساب عدالت نے اسحاق ڈار کے دائمی وارنٹِ گرفتاری 7 اکتوبر تک معطل کر رکھے ہیں۔
عدالت نے تحریری حکم میں کہا تھا کہ ملزم اسحاق ڈار خود عدالت میں پیش ہونا چاہتے ہیں تو انہیں ایک موقع دیا جانا ضروری ہے۔
عدالت نے تحریری آرڈر میں لکھا کہ اسحاق ڈار کے وارنٹس ان کی عدالت میں حاضری یقینی بنانے کے لیے ہی تھے۔
واضح رہے کہ نیب نے اسحاق ڈار کے خلاف 8 ستمبر 2017ء کو آمدن سے زائد اثاثوں کا ریفرنس دائر کیا تھا۔
احتساب عدالت نے 27 ستمبر 2017ء کو اسحاق ڈار پر فردِ جرم عائد کی تھی۔
11 دسمبر 2017ء کو اسحاق ڈار کو اشتہاری قرار دیتے ہوئے ان کے دائمی وارنٹِ گرفتاری جاری کیے گئے تھے۔
Comments are closed.