بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

فوج کےخلاف نازیبا الفاظ استعمال کرنے والوں کو نوٹس جاری کرنے کی ہدایت

پبلک اکاؤنٹس کمیٹی (پی اے سی) کے چیئرمین  نور عالم خان نے فوج کے خلاف نازیبا الفاظ استعمال کرنے والوں کو نوٹس جاری کرنے کی ہدایت کر دی۔

 چئیرمین پی اے سی نور عالم خان نے سیکرٹری الیکشن کمیشن کو ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ فوج کے خلاف نا مناسب الفاظ استعمال کرنے والے لوگوں کو سلاخوں کے پیچھے ہونا چاہیے۔

سیکرٹری الیکشن کمیشن نے کہا کہ یہ معاملہ الیکشن کمیشن  کے سامنے رکھیں گے، قانون کے مطابق کارروائی کریں گے، کوئی امتیازی سلوک نہیں ہوگا۔

چیئرمین پی اے سی نے کہا کہ آپ ریلیاں نکال کر آئین سے بالا نہیں ہو سکتے، ایک بندہ 7 کروڑ روپے کے سرکاری ہیلی کاپٹر کا نادہندہ ہے، وہ شخص 9 حلقوں سے کیسے الیکشن لڑ رہا ہے؟

انہوں نے کہا کہ اگر نور عالم خان کسی ایک بھی سرکاری ادارے کا نادہندہ ہے تو نا اہل کریں، الیکشن کمیشن مجھ سمیت کسی نادہندہ کو نہیں بخشے، کیا ایک رکن قومی اسمبلی دوسری نشست کیلئے الیکشن لڑ سکتا ہے؟

جواب میں سیکرٹری الیکشن کمیشن نے کہا کہ قانون میں ایسی قدغن نہیں کہ کوئی دوسری جگہ سے الیکشن نہیں لڑ سکتا، ایک سے زیادہ مقامات سے الیکشن لڑنا پیسے کا ضیاع ہے۔

نور عالم خان نے کہا کہ جو لوگ ذہنی طور پر فٹ نہیں ہیں، انہیں الیکشن لڑنے کی اجازت نہ دی جائے، پی اے سی کی ہدایت پر نادہندگان کو نوٹس جاری کیے جائیں۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.