پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما اور سابق وفاقی وزیر پرویز رشید نے عمران خان کو فوج کے سربراہ اور قومی احتساب بیورو (نیب) کے سربراہ کا فرق معلوم نہیں۔
عمران خان کی فیصل آباد کی تقریر پر ردعمل دیتے ہوئے پرویز رشید نے استفسار کیا کہ عمران خان بتائیں فوج کے سربراہ کو عوام سے لڑا کر کس کے مقاصد پورا کرنا چاہتے ہیں ؟
انہوں نے کہا کہ خان صاحب کی آج کی تقریر نے واضح کر دیا ہے کہ ان کی راتوں کی نیندیں کیوں اُڑی ہوئی ہیں۔
ن لیگی رہنما نے مزید کہا کہ آج کی تقریر نے یہ بھی ثابت کر دیا ہے کہ شہباز گِل کی گفتگو خان صاحب کے فلسفۂ شر ہی کا ثمر تھی۔
اُن کا کہنا تھا کہ کچھ دن پہلے عمران خان کو شکایت تھی کہ سلامتی کے ادارے اُن کی سیاسی مدد سے کیوں گریزاں ہیں۔
پرویز رشید نے یہ بھی کہا کہ پی ٹی آئی چیئرمین آج مطالبہ کر رہے ہیں کہ سلامتی کے اداروں کے سربراہ ان کے سیاسی مخالفین کو کچلنے والے ہونے چاہئیں۔
انہوں نے کہا کہ آئین کے منافی ایسی سوچ رکھنے والا آمریت و فسطائیت کا لاڈلا تو ہو سکتا ہے قائد اعظم محمد علی جناح کا پیرو کار نہیں ہوسکتا۔
ن لیگی سینئر رہنما نے کہا کہ خان صاحب کو آئین میں درج چیف کے فرائض سے آگاہی نہیں، انہیں نیب سربراہ اور فوج کے سربراہ کا فرق بھی معلوم نہیں۔
Comments are closed.