بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

ایشیا کپ: افغانستان کا سری لنکا کو جیت کیلئے 176 رنز کا ہدف

ایشیا کپ 2022 میں سپر فور مرحلے کے پہلے میچ افغانستان نے سری لنکا کو جیت کے لیے 176 رنز کا ہدف دے دیا۔ 

شارجہ کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے جارہے اس میچ میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر افغانستان کو پہلے بیٹنگ کرنے کی دعوت دی۔ 

امید کے برعکس افغان بلے بازوں نے اچھی بیٹنگ کا مظاہرہ کیا، جہاں رحمان اللّٰہ گرباز نے پہلے حضرت اللّٰہ زازئی کے ہمراہ 46 اور پھر ابراہیم زادران کے ساتھ مل کر 93 رنز کی پارٹنر شپ بنا کر ٹیم کو اچھے ٹوٹل کی جانب گامزن کیا۔ 

اوپنر حضرت اللّٰہ زازئی نے 13 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ رحمان اللّٰہ گرباز 45 گیندوں پر 84 رنز کی اننگز کھیل کر نمایاں رہے۔ 

ان کے علاوہ ابراہیم زادران کے 40 رنز کے ساتھ افغان ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 175 رنز بنانے میں کامیاب ہوئی۔ 

سری لنکا کی جانب سے ہراسانگا ڈی سلوا 2 وکٹیں لے کر نمایاں بولر رہے جبکہ مہیش تھیکشنا اور استھا فرنینڈو کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔ 

ٹاس کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سری لنکن کپتان دسن شناکا کا کہنا تھا کہ ہم نے اچھے انداز میں ہدف کا تعاقب کیا اور اس سلسلے کو جاری رکھنا چاہتے ہیں۔ 

انہوں نے یہ بھی کہا کہ ہم اس میچ میں مزید پارٹنرشپ کے خواہشمند ہیں، پارٹنرشپ نہ ہونا ہی ہمارے لیے تشویش کا باعث ہے۔

افغانستان کے کپتان محمد نبی نے کہا کہ اگر وہ ٹاس جیت جاتے تو بولنگ ہی کرتے، لیکن بیٹنگ کرتے ہوئے بھی اچھا ٹوٹل سجانے کی کوشش کریں گے۔ 

انہوں نے گزشتہ میچز میں بولرز کی کارکردگی کو خوش آئند قرار دیا اور امید کا اظہار کیا کہ وہ آج بھی اسی طرح پرفارم کریں گے۔ 

ابتدائی مرحلے کے گروپ بی میں افغانستان ٹیم نے سری لنکا اور بنگلہ دیش کو شکست دے کر سپر فور میں جگہ بنائی تھی۔

اس کے بعد سری لنکا اور بنگلہ دیش کا میچ ناک آؤٹ کی صورت اختیار کرگیا تھا جہاں سنسنی خیز مقابلے کے بعد سری لنکا فاتح ٹھہرا اور سپر فور مرحلے میں پہنچنے میں کامیاب رہا۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.