بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

خاتون کو ایسکلیٹر کنویئر بیلٹ کے طور پر استعمال کرنا مہنگا پڑگیا

کبھی کبھار کسی ایک کی غلطی کا خمیازہ کسی دوسرے کو بھگتنا پڑ سکتا ہے، ایسا ہی کچھ ہوا ایک زیر زمین اسٹیشن پر جب دو مسافروں کی غلطی نے ایک خاتون کو اسپتال پہنچا دیا۔

امریکی سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ایک ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ دو خواتین سامان زیادہ ہونے کے باعث ایسکلیٹر (Escalator) کو کنویئر بیلٹ (Conveyor Belt) کے طور پر استعمال کرتے ہوئے اوپر کی جانب سے دو سوٹ کیس نیچے بھیجنے کی کوشش کرتی ہیں۔

ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ خواتین نے ابھی پہلا سوٹ کیس ایسکلیٹر پر رکھا ہی تھا کہ اچانک وہ پھسل کر گرتا پڑتا ایسکلیٹر سے اُترنے والی ایک بے خبر خاتون سے جا ٹکرایا۔

سوٹ کیس سے بے خبر خاتون شور مچنے پر اس جانب متوجہ ہو کر تیزی سے نیچے اترنے کی کوشش بھی کرتی ہیں مگر ناکام رہتی ہیں اور سوٹ کیس ٹکرانے سے بری طرح زخمی ہوجاتی ہیں۔

ویڈو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ خاتون کے زخمی ہوتے ہی طبی عملہ فوراً وہاں پہنچ کر طبی امداد کے لیے خاتون کو اسپتال منتقل کر دیتا ہے۔

وائرل ہونے والی ویڈیو پر سوشل میڈیا صارفین غم و غصے کا اظہار کر رہے ہیں کہ حادثے کا باعث بننے والی دونوں خواتین بھی سامان کے ساتھ جا سکتی تھیں۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.