
ایشیا کپ 2022ء کے اہم میچ میں بنگلہ دیش نے سری لنکا کو جیت کے لیے 184 رنز کا ہدف دے دیا۔
دبئی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے اس میچ میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر بنگلہ دیش کو پہلے بیٹنگ کرنے کی دعوت دی جس نے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 183 رنز بنائے۔
اننگز کے دوران بنگلہ دیشی بیٹرز نے تحمل کا مظاہرہ کیا جہاں ان کی وکٹیں بھی گرتی رہیں لیکن وہ سری لنکن بولرز سے رنز بھی بٹورتے رہے۔
ابتدائی بلے بازوں میں مہدی حسن میراز 38 رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ ان کے ساتھ کپتان شکیب الحسن نے 24 رنز کے ساتھ اپنا حصہ ڈالا۔
جب گیارہویں اوور میں 87 رنز پر 4 بنگلہ دیشی کھلاڑی آؤٹ ہوئے تو آنے والے دیگر کھلاڑیوں نے اپنے گیئر تبدیل کیے اور جارحانہ کھیل پیش کیا۔
ایسے میں عفیف حسین نے 22 گیندوں پر 39 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی اور ٹیم کے رن ریٹ میں قابلِ ذکر تبدیلی کروادی، جبکہ ان کے بعد محمود اللّٰہ کے 27 اور مصدق حسین کے ناقابلِ شکست 9 گیندوں پر 24 رنز نے بنگلہ دیش کو 183 کے مجموعے تک پہنچایا۔
خیال رہے کہ دونوں ٹیموں کے لیے یہ میچ ’مارو یا مرجاؤ‘ کی صورتحال اختیار کرگیا ہے، جہاں فاتح ٹیم سپر فور کے لیے کوالیفائی کرلے گی جبکہ ہارنے والی ٹیم ایونٹ سے باہر ہوجائے گی۔
دونوں ٹیموں کو ایونٹ کے اپنے اپنے پہلے میچز میں افغانستان نے باآسانی شکست سے دوچار کیا تھا۔
پلیئنگ الیون:
سری لنکا کی ٹیم کپتان دسن شناکا سمیت کوشل مینڈس، پاتھم نسانکا، چریتھ اسالانکا، بھانوکا راجاپکسا، دنوشکا گناتھلاکا، ونندو ہسارانگا ڈی سلوا، چمیکا کرونارتنے، مہیش تھیکشانا، اسیتھا فرنینڈو، دلشان مدھوشنکا پر مشتمل ہے۔
بنگلہ دیش کی ٹیم میں تین تبدیلیاں کی گئیں جہاں انعام الحق، محمد نعیم اور محمد سیف الدین کی جگہ پر شبیر رحمان، مہدی حسن اور عبادت حسین کو شامل کیا گیا۔
بنگلہ دیشی ٹیم کپتان شکیپ الحسن، شبیر رحمان، مصدق حسین، عفیف حسین، مشفق الرحیم، محمود اللّٰہ، مہدی حسن، مہدی حسن میراز، عبادت حسین، تسکین احمد اور مستفیض الرحمان پر مشتمل ہے۔
Comments are closed.