بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

سیلاب اور بارشوں سے ملک بھر میں مزید 75 افراد جاں بحق

نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کا کہنا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران سیلاب اور بارشوں سے مزید 75 افراد جاں بحق ہوئے ہیں، جس کے بعد سیلاب اور بارشوں سے جاں بحق افراد کی کُل تعداد 1136 تک پہنچ گئی ہے۔

سیلاب اور بارشوں سے ہونے والے نقصانات کے اعداد و شمار جاری کرتے ہوئے این ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ سیلاب اور بارشوں سے اب تک 3 کروڑ 30 لاکھ 46 ہزار نفوس پر مشتمل آبادی متاثر ہو چکی ہے۔

این ڈی ایم اے کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران سب سے زیادہ اموات سندھ میں 53 رپورٹ ہوئیں، اسی دوران خیبر پختون خوا میں 16، گلگت بلتستان میں 5، بلوچستان میں 2 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔

بارشوں اور سیلاب سے اب تک جاں بحق ہونے والے 1136 افراد میں سے 386 بچے، 501 مرد اور 227 خواتین شامل ہیں۔

بارشوں اور سیلاب سے اب تک سب سے زیادہ اموات سندھ میں 402 ہوئی ہیں جبکہ 14 جون سے اب تک بلوچستان میں 244، خیبر پختون خوا میں 258، پنجاب میں 168 اموات ہوئیں۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران سیلاب اور بارشوں سے 59 افراد زخمی ہوئے، جبکہ اب تک 1634 افراد زخمی ہو چکے ہیں۔

ملک بھر میں سیلاب اور بارشوں سے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 58 ہزار 699 گھر متاثر ہوئے، جبکہ اب تک 10 لاکھ 51 ہزار 570 گھروں کو نقصان پہنچا ہے۔

سیلاب اور بارشوں سے اب تک 7 لاکھ 35 ہزار 375 مویشی مر چکے ہیں۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بارشوں اور سیلاب سے گلگت بلتستان میں مزید 5 پلوں کو نقصان ہوا ہے جبکہ اب تک 162 پلوں کو نقصان ہو چکا ہے۔

این ڈی ایم اے نے یہ بھی بتایا ہے کہ سیلاب سے ملک بھر کے 72 اضلاع بری طرح متاثر ہو چکے ہیں۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.