بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

لینڈ سلائیڈنگ: سوات ایکسپریس وے آج پھر ٹریفک کے لئے بند

موسم کی خرابی اور شدید بارشوں کی وجہ سے سوات ایکسپریس وے کو جزوی طور پر بند کردیا ہے۔

موٹروے پولیس کے ترجمان کا کہنا ہے کہ گزشتہ شب ہونے والی لینڈ سلائیڈنگ کے باعث سوات ایکسپریس وے پر سفر ناگزیر ہوگیا ہے جس کی وجہ سے پلائی کے مقام پر سوات ایکسپریس وے کو جزوی طور پر بند کردیا ہے۔

گزشتہ روز بھی ایسی ہی صورتحال کی وجہ سے سوات ایکسپریس وے کئی گھنٹے تک بند رکھی گئی تھی۔

ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق سوات ایکسپریس وے بند ہونے کی وجہ سے اسلام آباد اور پشاور سے آنے والی ٹریفک کو موٹروے پولیس کی جانب سے پلائی انٹرچینج سے آؤٹ کیا جا رہا ہے جبکہ سوات سے آنے والی ٹریفک چکدرا کے مقام پر بند کر دی گئی ہے۔

ترجمان موٹر وے پولیس نے بتایا کہ لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے شاہراہ سے پتھروں اور دیگر رکاوٹوں کی صفائی کا کام شروع کردیا گیا ہے۔

موٹروے پولیس نے عوام سے موسمی حالات کے پیش نظر غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے۔

ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق انتہائی ضروری ہو تو سفر شروع کرنے سے پہلے یا کسی مدد کی صورت میں موٹروے پولیس ہیلپ لائن 130 سے رابطہ کیا جا سکتا ہے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.