جمعرات 8؍ شوال المکرم 1442ھ20؍مئی 2021ء

یوگا کی افادیت سے متعلق آگاہی کا دن منایا جا رہا ہے

ملتان میں یوگا کی افادیت سے متعلق شعور اجاگر کرنے کے لیے یوگا فیڈریشن کی جانب سے یوگا ڈے منایا گیا۔

7 مارچ 2021ء یعنی آج کے دن پہلی بار پاکستان میں یوگا ڈے منایا جا رہا ہے جبکہ یوگا کی ہسٹری موہنجو داڑو سے ملتی ہے یعنی کہ 5000 سال پرانی روایتوں میں بھی یوگا کا ذکر موجود ہے۔

یوگا آج سے نہیں بلکہ صدیوں پرانا ورزش کا ایک ایسا طریقہ ہے جس میں یوگا کرنے والے کو جسمانی، ذہنی اور روحانی سکون حاصل ہوتا ہے، پاکستان میں بھی یوگا تیزی سے مقبول ہو رہا ہے لیکن اب بھی بے شمار لوگ یوگا کے فوائد سے واقف نہیں ہیں۔

یوگا کن کن بیماریوں کا علاج کرتا ہے اس حوالے سے ملتان میں یوگا فیڈریشن کے عہدیداروں کی جانب سے یوگا آگاہی صبح کا انعقاد کیا گیا، ان یوگا کلاسز  میں خواتین، بچوں، مرد اور بزرگ افراد نے شرکت کر کے زندگی کو توانا بنانے کے طریقے سیکھے۔ 

یوگا ٹرینرز  کے مطابق بیماریوں کو کنٹرول کرنے، پارکوں کو آباد اور اسپتالوں کو ویران کرنے کے لیے یوگا ضروری ہے۔

یوگا کرنے والے افراد کا کہنا ہے کہ اُنہیں مختلف بیماریوں جن میں خصوصاً شوگر، سانس کا پھولنا، جوڑوں اور پٹھوں کا درد سمیت دل کی بیماریاں شامل تھیں جس سے نہ صرف چھٹکارا ملا بلکہ شوگر کنٹرول کرنا بھی آسان ہو گیا ہے۔

یوگا ٹرینرز کے مطابق اگر یوگا باقاعدگی سے کیا جائے تو جسم میں لچک پیدا ہونے کے ساتھ پٹھے مضبوط ہوتے ہیں، سانس کی تکلیف دور ہوتی ہے اور جسمانی طاقت میں اضافہ ہوتا ہے، مزید میٹابولزم میں توازن پیدا ہونے کے ساتھ دل کی دھڑکن اور شریانوں میں خون کی روانی بہتر ہوتی ہے۔

اس کے علاوہ  وزن میں کمی واقع ہونے کے سبب انسان خود کو تروتازہ محسوس کرتا ہے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.