
بجلی کے صارفین کا زائد بلوں کے خلاف احتجاج رنگ لے آیا، بلوں سے فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ ٹیکس نکالا جانے لگا۔
لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) حکام نے وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر لوگوں کے بلوں سے فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ ٹیکس نکال کر بل جاری کرنا شروع کردیے ہیں۔
بیشتر صارفین نے وزیراعظم کے اعلان کو خوش آئند قرار دیا تو کچھ نے اسے لالی پاپ قرار دیا ہے۔
لاہور سمیت ملک کے مختلف شہروں میں لوگوں نے بجلی کے زائد بلوں کے خلاف 2 روز سے احتجاج شروع کر رکھا تھا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے جس کا نوٹس لیا اور فوری بلوں میں سے فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ ٹیکس نکالنے کی ہدایت کر دی۔
وزیراعظم کے اعلان کے بعد لیسکو کے دفاتر میں بل درست کرانے کے لئے آنے والوں کا رش لگ گیا، جس پر لیسکو حکام نے بل درست کرکے دینا شروع کر دیے۔
بیشتر لوگ اس اقدام کو سراہتے رہے، بعض صارفین نے وزیراعظم کے اعلان پر کہا کہ کئی قسم کے ٹیکسز لگاکر ایک ٹیکس نکالنےکا کہہ دیا گیا، یہ ٹیکس بھی اگلے ماہ لگ کر آنے کا امکان ہے۔
لیسکو حکام کا کہنا ہے کہ بلوں میں سے ٹیکس منہا کرنے کے حوالے سے ابھی نوٹیفکیشن جاری نہیں ہوا، وہ فی الحال فیو ل پرائس ایڈجسٹمنٹ کی رقم نکال کر بل دے رہے ہیں، جو لوگ بلز ادا کر چکے ہیں ان کے بلز میں سے یہ رقم آئندہ ماہ ازخود کم ہوجائے گی۔
Comments are closed.