کراچی کے قومی اسمبلی کے حلقے این اے 245 میں آج ضمنی انتخاب میں ووٹنگ جاری ہے تاہم پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما عمران اسماعیل نے پولنگ مکمل ہونے سے قبل ہی دھاندلی کا الزام لگا دیا۔
کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سابق گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا تھا کہ پولنگ اسٹیشنوں پر پہنچنے والا سامان معلوم نہیں محفوظ ہاتھوں میں ہے یا نہیں۔
انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن جانب داری کا مظاہرہ کر رہا ہے، متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کو پیپلز پارٹی نے یقین دہانی کرائی ہے کہ نشست آپ کی ہے۔
اس پریس کانفرنس میں پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے کارکنوں نے صحافیوں سے بدتمیزی کی۔
پی ٹی آئی کارکنان نے چینلز کے مائیک اٹھا کر سیلفیز لینے کی کوشش کی، صحافیوں کے منع کرنے پر کارکنان نے بدتمیزی، ہاتھا پائی اور گالم گلوچ بھی کی۔
دوسری جانب عمران اسماعیل نے مختلف پولنگ کیمپ کا دروہ بھی کیا۔
واضح رہے کہ کراچی کے قومی اسمبلی کے حلقے این اے 245 میں ضمنی الیکشن کے لیے پولنگ جاری ہے، جہاں 15 امیدوار مدِ مقابل ہیں۔
صبح 8 بجے شروع ہونے والی پولنگ کسی وقفے کے بغیر شام 5 بجے تک جاری رہے گی، یہ نشست پی ٹی آئی کے ڈاکٹر عامر لیاقت کے انتقال سے خالی ہوئی تھی۔
حلقہ این اے 245 کے ضمنی انتخاب میں ایم کیو ایم پاکستان کے معید انور اور پی ٹی آئی کے امیدوار محمود مولوی کے درمیان کانٹے کے مقابلے کی توقع ہے۔
Comments are closed.