دنیا بھر کی طرح جاپان میں بھی پاکستان کا 75واں جشن آزادی پوری ملی جوش و خروش کے ساتھ منایا گیا۔
اس حوالے سے سفارتخانہ پاکستان میں پرچم کشائی کی تقریب ہوئی جبکہ ٹوکیو میں پاکستانی کمیونٹی کی جانب سے ٹوکیو ٹاور میں واقع صدیق پیلس میں شاندار تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں جاپان بھر سے معروف اور اہم شخصیات نے شرکت کی۔
تقریب کا اہتمام پاک جاپان بزنس کونسل، پاک ایسوسی ایشن جاپان اور مسلم لیگ ن کی جانب سے کیا گیا تھا۔
تقریب کا آغاز چوہدری عنصر نے تلاوت قرآن پاک اور نعت رسول مقبول ﷺ سے کیا۔
تقریب میں پاکستان کا قومی ترانہ پڑھا گیا جسے حاضرین نے کھڑے ہوکر ادب و احترام سے سنا جبکہ تقریب میں پاکستان کے ملی نغمے بھی گائے گئے جس میں مہمان پوری طرح شامل ہوئے اور تقریب کو چار چاند لگا دیے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے تقریب کے میزبان پاک جاپان بزنس کونسل کے صدر رانا عابد حسین نے کہا کہ آج پوری قوم کے لیے فخر کا دن ہے کیونکہ آج ہی کے دن ستائیس رمضان المبارک کو ایک مسلمان ملک اسلامی جمہوریہ پاکستان دنیا کے نقشے پر نمودار ہوا تھا، آج کا دن پوری قوم کو اس ذمہ داری کا احساس دلاتا ہے کہ سب مل کر پاکستان کو ترقی کی راہ پر ڈالنے کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔
ن لیگ جاپان کے صدر ملک نور اعوان نے کہا کہ آج ہر سیاست سے آزاد ہوکر خوشی منانے کا دن ہے، پاکستان میں مقیم پوری پاکستانی کمیونٹی کی جانب سے پاکستان اور دنیا بھر میں مقیم پاکستانیوں کو جشن آزادی کی مبارکباد پیش کرتے ہیں۔
یوتھ ونگ جاپان کے صدر ملک ارشد نے کہا کہ وہ فلپائن سے خاص طور پر جاپان جشن آزادی کی تقریبات میں شرکت کے لیے آئے ہیں وہ اپنی اور فلپائن اور جاپان میں مقیم یوتھ ونگ کارکنوں کی جانب سے دنیا بھر میں پاکستانیوں کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔
برطانیہ سے جاپان کے دورے پر آئے ہوئے سینئر پاکستانی چوہدری ارشد نے کہا کہ جاپان میں جس طرح ملک سے محبت کرنے والے پاکستانی مقیم انہیں یہ دیکھ کر بہت خوشی ہوئی وہ پوری پاکستانی کمیونٹی کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔
اس موقع پر رمضان صدیق نے کہا کہ پوری کمیونٹی کو اختلافات بھلا کر متحد ہونا چاہیے اور پاکستان کی خوشحالی کے لیے کام کرنا چاہیے۔
مرزا اکرم نے کہا کہ پاکستان اس وقت مشکل معاشی بحران سے گزر رہا ہے، دعا ہے کہ پاکستان اس مشکل وقت سے نکلے اور اگلے برس پوری قوم ایک معاشی طور پر مستحکم پاکستان میں جشن آزادی منائے۔
شیخ عارف نے کہا کہ قوم کو جشن آزادی اس دعا کے ساتھ مبارک کہ جَلد پاکستان قائد اعظم کی خوابوں کی تعبیر بن کر دنیا پر چھا جائے گا۔
ملک طلحہٰ نے ملک یونس کی نمائندگی کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے والد کی جانب سے پوری پاکستانی قوم کو جشن آزادی کی مبارکباد پیش کرتے ہیں۔
اس اہم تقریب میں ملک حمزہ یوسف، ملک دلشاد، انیس احمد، آصف قمر، نصرت اعوان، کاشف، محمد اعجاز، ناگویا سے عمران، سینئر پاکستان شیخ عارف سمیت بڑی تعداد میں پاکستانیوں نے شرکت کی۔
Comments are closed.