بیرونی سرمایہ کار کمپنیوں کے مسائل کے حل کے لیے کمیٹی قائم کردی گئی۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت سرمایہ کاری سے متعلق اجلاس ہوا۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ بیرونی سرمایہ کار کمپنیوں کے مسائل کے حل کے لیے قائم کمیٹی گوادر فری زون میں سرمایہ کاری کرنے والی کمپنیوں کے مسائل بھی دیکھے گی اور 10 دن کے اندر تفصیلی رپورٹ اور سفارشات مرتب کرے گی۔
اس موقع پر وزیرِ اعظم نے ہدایت کی کہ چینی سرمایہ کار کمپنیوں کو ترجیحی بنیادوں پر سہولت فراہم کی جائے، ملک میں غیرملکی سرمایہ کاری میں حائل رکاوٹیں فوری دور کی جائیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ چینی ورکرز کے ویزا کے حصول میں تمام رکاوٹوں کو فوری حل کیا جائے، چینی ورکرز کے ویزا میں سی پیک اور دوسری کمپنیوں کے ورکرز کی تفریق ختم کی جائے۔
اجلاس میں وفاقی وزراء مفتاح اسماعیل، چوہدری سالک حسین، احسن اقبال اور طارق فاطمی نے شرکت کی۔
اجلاس میں وزیر اعظم کو توانائی، انفراسٹرکچر، ریلوے، پورٹ انفراسٹرکچر کے منصوبوں پر بریفنگ دی گئی۔
Comments are closed.